بھٹکل :30؍ جنوری (ایس اؤ نیوز) کاروار سے تعلق رکھنے والے کرناٹکا ہائی کورٹ کے وکیل شاہ الحمید کو کرناٹکا کانگریس کمیٹی نے کے پی سی سی اقلیتی کمیٹی کا ممبرنامزد کیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اور ایم ایل سی نصیر احمد کرناٹکا پردیش کانگریس ،اقلیتی کمیٹی کے صدرہیں، اسی کمیٹی میں ایڈوکیٹ شاہ الحمید کو ممبرشپ دی گئی ہے۔۔ خیال رہے کہ ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر ڈی کے شیوکمار نے اس سلسلےمیں ایڈوکیٹ شاہ الحمید کو خط لکھتے ہوئے انہیں متحرک ہوکر اپنی ذمہ داری سنبھالنے کو کہاہے۔
کے پی سی سی اقلیتی کمیٹی کے ممبران ریاست بھر کا دورہ کرتےہوئے فہرستِ رائے دہندگان کی ترمیم اور رجسٹریشن کاجائزہ لیں گے اور جن اضلاع میں اقلیتیں اکثریت میں ہیں ان اضلاع کا خصوصی دورہ کرتےہوئے ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج اور ترمیم میں پیش آنے والے مسائل کا حل نکالنے کی کوشش کریں گے۔
خیال رہے کہ ایڈوکیٹ شاہ الحمید کے پی سی سی قانون، انسانی حقوق اور حق اطلاع شعبہ کے جنرل سکریٹری کے طورپربھی خدمات انجام دے رہےہیں۔ مارچ 2021 سے شاہ الحمید متعلقہ ذمہ داری بحسن وخوبی ادا کررہے ہیں اور ان کی خدمات کو دیکھتےہوئے انہیں اب اقلیتی کمیٹی میں ممبر بھی نامزد کرکے نئی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔