ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / کاروار: کابینہ وزیر کرشنا بھئیر گوڈا کا سیلاب متاثرہ مقامات کا دورہ : متاثرین کو فی کس 5لاکھ روپئے کی امداد

کاروار: کابینہ وزیر کرشنا بھئیر گوڈا کا سیلاب متاثرہ مقامات کا دورہ : متاثرین کو فی کس 5لاکھ روپئے کی امداد

Sat, 08 Jul 2023 20:42:30    S.O. News Service

کاروار:8؍جولائی   (ایس اؤ نیوز ) ساحلی علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ مقامات کا دورہ کرتے ہوئےریاستی کابینہ کے روینیو وزیر کرشنا بھئیرےگوڑانے حالات کا معائنہ کیااور متاثرہ خاندانوں سےملاقات کرتےہوئے انہیں سرکاری امداد پہنچائی ۔

کمٹہ تعلقہ کے بیٹکولی دیہات میں دو روز پہلےکھیت میں جمع ہوئے پانی میں ڈوب کر ہلاک ہونےوالے ستیش نائک اور اُلاس گاوڑی کے خاندان والوں کو ریاستی حکومت کی طرف سے فی کس 5لاکھ روپئے کے چک وزیر موصوف نے تقسیم کئے۔

بیٹکولی دیہات میں موسلا دھار بارش کے چلتے کافی نقصانات ہوئے ہیں۔ وزیر کرشنا بھئیرے گوڈا نے افسران اور متاثرین سے جانکاری حاصل کی اور افسران کو ہدایت دی کہ ساحلی پٹی پر جہاں کہیں بھی بارش سے علاقے متاثر ہوئے ہیں وہاں فوری امداد پہنچائیں اور حالات پر کڑی نگرانی رکھیں۔

وزیر نے بتایا کہ ضلع کے حساس مقامات پر قومی آفات بچاؤ دستہ(این ڈی آر ایف ) کو تعینات کیاگیا ہے۔ جہاں کہیں سماوی آفات پیش آتے ہیں اسی وقت فوری طورپر دستہ سے رابطہ کرتےہوئے امداد حاصل کرنے کی ہدایت دی ۔ تحصیل افسران کے ساتھ میٹنگ کرتےہوئےوزیر نے ہدایت دی کہ سیلاب سے ہلاک ہونےوالے خاندانوں کو فوری طورپر 5لاکھ روپئےکی امداد پہنچائیں۔ عوامی مسائل پر توجہ دیں اور جلدی انہیں حل کرنےکی کوشش کریں ۔ سیلاب سے متاثرہونے والے علاقوں میں پیشگی اقدامات کریں۔

وزیر کرشنا بھئیرےگوڈا نے بارش سے ہونےوالے نقصانات کی جانکاری اخبارنویسوں کو دیتےہوئے بتایا کہ ریاست میں بارش کی وجہ سے ابھی تک 21 جانیں تلف ہوئی ہیں۔جن میں منگلورو میں6، اُڈپی میں 4 اور اترکنڑا میں 3افراد ہلاک ہوئے ہیں۔  فی کس 5لاکھ روپئے امداد کا اعلان کیاجاچکاہے۔47سے زائد جانور ہلا ک ہوئےہیں۔ گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ جس قسم کا بھی نقصان ہوا ہے ان سب کو امداد بہم پہچانے کا وزیر نے تیقن دیا۔  جہاں ضرورت محسوس ہوتی ہے وہاں کالجی کیندر شروع کئےجائیں گے۔ حکومت متاثرین کو فوری مدد دینے کا کام کرے گی ۔ مرکز کے چار این ڈی آر ایف ، ریاست کے 5ایس ڈی آر ایف دستے ہر حالت سےنمٹنے کے لئے تیار رکھے گئے ہیں۔ اس موقع پر مصنوعی برسات کے متعلق پوچھے گئے سوال پر وزیر نے وضاحت کی کہ ریاست بھر میں جولائی کے مہینےمیں بہتر بارش ہوئی ہے۔البتہ چند اضلاع میں بارش کی کمی محسوس کی جارہی ہے، ہم جولائی کے آخرتک انتظار کریں گے اور مرکزی حکومت کے اصولوں کے مطابق مصنوعی برسات کے متعلق غور کئے جائے گا۔ اس موقع پر اترکنڑا ضلع نگراں کاروزیر منکال وئیدیا اور کمٹہ کے رکن اسمبلی دنیکر شٹی سمیت افسران وغیرہ موجود تھے۔


Share: