کاروار:19؍ فروری (ایس اؤ نیوز)3فروری کو چتاکول پولس تھانہ میں چتاکول کنسگری بندرواڑا میں واقع درگاہ کو نقصان پہنچائے جانےکے متعلق درج کردہ شکایت پر کارروائی کرتےہوئے پولس نے تین ملزموں کو گرفتا رکرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
گرفتار شدہ ملزمان کی شناخت گنڈی واڑا کنسگری کے مکین مہیندر منگیش رانے (39)،ساونت واڑا، ماجالی کے مکین ونایک کاشی ناتھ ساونت (40) اور خرساواڑا کاروار کے مکین مرلی دھر دیورایا گویکر(51) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ یکم فروری بروز منگل کی صبح 11بجے چتاکول کنسگری ،بندرواڑا میں واقع درگاہ کے اندر گھس کر ملزموں نے سبز جھنڈے کو جلانے اور دیواروغیرہ کو گرادیا تھااور وہاں موجود قبور کو بھی نقصان پہنچایاتھا۔ واقعہ کو لےکر 3فروری کو چتاکول پولس تھانے میں شکایت درج ہوئی تھی۔
شکایت درج ہونے کے بعد ملزموں کا پتہ لگانے کےلئے ضلع ایس پی ڈاکٹر سمن پنیکر کی ہدایات پر ایڈیشنل ایس پی اور کاروار کے ڈی وائی ایس پی کی رہنمائی میں سرکل انسپکٹر کدرا کی قیادت میں چتاکول پولس نے ٹیم تشکیل دیتےہوئے تفتیش میں شروع کی تھی۔ پولس ٹیم نے تارسے تار جوڑتےہوئے ملزموں تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ پولس ملزموں کو گرفتارکرنے کے بعد کارستانی کے لئے استعمال کردہ دو ہتھوڑیاں،ایک کار اور بائک کو ضبط کرلینے کے بعد انہیں عدالت میں حاضر کیاہے۔ پولس کی کامیابی پر ایس پی صاحبہ نے عملے کی ستائش کی ہے۔