ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / کاروار: قومی شاہراہ کے تعمیراتی کاموں کی  سست روی پر کمپنی اور اتھارٹی کے خلاف ڈپٹی کمشنر کا عدم اطمینان

کاروار: قومی شاہراہ کے تعمیراتی کاموں کی  سست روی پر کمپنی اور اتھارٹی کے خلاف ڈپٹی کمشنر کا عدم اطمینان

Tue, 07 Jun 2022 20:40:56    S.O. News Service

کاروار:7؍ جون   (ایس اؤ نیوز)اترکنڑا ضلع میں قومی شاہراہ کا تعمیراتی کام بہت ہی سست روی سے جاری رہنے اور موسم باراں سےپہلے تعمیراتی کاموں کو تکمیل تک پہنچانے کےلئے پچھلی میٹنگ  میں ہدایات دینے کے باوجود اُس پر عمل نہ کرنے   پر  ڈپٹی کمشنر  ملئی مہیلن نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کے خلاف عدم اطمینان کا اظہارکیا ہے۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کی طرف سے ضلع  میں جاری تعمیراتی کاموں کےجائزے کےلئے منعقدہ میٹنگ میں بات کرتےہوئے ڈی سی نےکہاکہ پچھلی میٹنگ میں آئی آر بی کے افسران نے کہا تھا کہ بارش کے موسم سے پہلے تعمیراتی کاموں کو مکمل  کرلیا جائےگا، ابھی  تک کاروار کے فلائی اؤور کا ایک سائڈ کا بھی کام پورا نہیں ہواہے۔ ٹنل کا کام بھی بہت ہی سست روی سے جاری ہے، بارش سے پہلے سرنگ کے ذریعے نقل وحمل ممکن نظر نہیں آرہاہے۔ اس کے علاوہ جہاں پہاڑ کھسکنے کا اندیشہ ہے ارگا پہاڑ، تنڈرکلی ، ہوس پٹن جیسے علاقوں میں تحفظاتی اقدامات کرنے کہاگیا تھا ان کاموں کو بھی مناسب ڈھنگ سے نہیں کیاگیا ہے۔

پچھلی میٹنگ میں باقاعدہ کمپنی کے  افسران کو ہدایت دی گئی تھی کہ جہاں جہاں پہاڑ کے کھسکنے کا اندیشہ ہے وہاں بارش کا پانی آسانی سے بہہ جائے ، اگر پانی آسانی سے باہر نہیں نکلا  تو  مصنوعی سیلاب برپا ہوسکتاہے ان جگہوں پر بھی فوری طورپر مناسب حفظاتی اقدامات کرنےکہاگیا تھا۔ وہ بھی اطمینان بخش نہیں ہے۔ ایک طرح کی بیزارگی کا اظہار کرتےہوئے ڈی سی نےکہاکہ اگر بارش کے موسم میں قومی شاہراہ کے تعمیراتی کاموں سے کوئی حادثہ یا آفت پیش آتی ہے تو اس کے لئے قومی شاہراہ اتھارٹی اور کمپنی کو ہی ذمہ دار ٹھہرایاجائے گا۔ میٹنگ میں پلاننگ ڈائرکٹر لنگے گوڈا، اے سی راہول پانڈے ، جئے لکشمی رائے کوڈ، آئی آر بی کے چیف جنرل مینجر موہن داس اور دیگر افسران موجود تھے۔


Share: