کاروار :2/اپریل (ایس اؤ نیوز )گوا سے بوٹ کے ذریعے غیر قانونی طورپر شراب سپلائی کرنے کے دوران ساحلی تحفظاتی دستہ کی پولس نے چھاپہ ماری کرتے ہوئے لاکھوں روپئے مالیت کی شراب اور ملکیت کو ماجالی سمندر کنارےاپنی تحویل میں لینے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
بوٹ کے ذریعے جب گوا کی شراب کاروار کوسمندری راستے سے سپلائی کی جارہی تھی تو مصدقہ خبر پر کارروائی کرتےہوئے کوسٹل سکیورٹی گارڈ کے انسپکٹر نسچل کمار کی قیادت میں پولس نے چھاپہ مارکر 2.90لاکھ روپئے مالیت کی شراب اور بوٹ ضبط کرلی ہے۔ ضبط شدہ شراب میں گوا کی فینسی ، وھسکی ، اُراک سمیت مختلف قسم کی شراب شامل ہے۔ ضبط شدہ شراب کی قیمت اندازاً 1.50لاکھ روپئے بتائی گئی ہے تو بوٹ کی قیمت اندازاً 1.40روپئے بتائی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم فرار ہوگئے ہیں۔ کاروار کوسٹل پولس تھانے میں کیس درج کرلینے کے بعد پولس جانچ میں جٹی ہوئی ہے۔