ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / کاروار: ریاست بھر کے زمینی دستاویزات کی درستگی کے لئے بہت جلد نیا سرکلر جاری ؛ ضلع  نگراں سکریٹری مونیش مڈگل کا بیان

کاروار: ریاست بھر کے زمینی دستاویزات کی درستگی کے لئے بہت جلد نیا سرکلر جاری ؛ ضلع  نگراں سکریٹری مونیش مڈگل کا بیان

Mon, 08 Jul 2019 20:47:22    S.O. News Service

کاروار:8؍جولائی  (ایس اؤ نیوز) ریاست بھر کے زمینی دستاویزات کی درستگی کے لئے بہت جلد نیا سرکلر جاری کیا جائے گا۔ اس بات کی جانکاری  ضلعی نگراں کار سکریٹری اور محکمہ سروے کے کمشنر مونیش مڈگل نے  دی۔ کاروار ڈپٹی کمشنر کے  دفتر میں پیر کو ضلعی ترقیاتی   میٹنگ کی صدارت کرتےہوئے انہوں نے بتایا کہ سروے کے دوران زمینی دستاویزات نہ  ملنے سے کئی مسائل پیدا  ہورہے ہیں، اس سلسلےمیں ریاست بھر میں زمینی دستاویزات کو ایک کرکے ان کی درستگی کے لئے نیا سرکلر جاری کیا جائےگا۔

اس سے قبل جو زمینی دستاویزات تیار کئے گئےہیں ان میں کئی خامیاں ہیں، ان وجوہات کی بنا پر سرکاری اور نجی زمینوں  کے متعلق مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ ان مشکلات کو دیکھتےہوئے دستاویزات کو ایک کرکے اصل سروے نمبر سے اس کا موازنہ کرنےکے بعد بہتر طریقے سے صحیح کرنےکے لئے محکمہ تحصیل اقدامات کررہاہے جس کے نتیجے میں 11ای تحصیل کے نقشہ جات صحیح ہوجائیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ  اگلے 10دنوں میں سرکلر جاری کیا جائے گا۔

اس موقع پر انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلداروں کو تاکید کی کہ وہ دفتر میں بیٹھ کر آرٹی سی پر دستخط نہ کریں۔ بلکہ متعلقہ زمین کا  معائنہ کرنے کے بعد دستخط کریں۔ انہوں نے ایک طرف  فصل قرضہ معاف منصوبے میں کسی بھی معاملے کو باقی نہ رکھنے کی ہدایات جاری کیں وہیں انہوں نے آفسران کو تاکید کی کہ  جہاں دستاویزات صحیح ہیں ، اہل ہیں تو ان کی توثیق کریں اگر نہیں ہیں تو  اس کورد کریں۔ انہوں نے اس بات کی بھی  سختی کے ساتھ تاکید کی کہ  رد کئے بغیرفائل کو یوں ہی باقی نہ رکھیں۔

منیش مڈگل نے کہا کہ کسانوں کے نام پر کوآپریٹیو سوسائٹی کے سکریٹریز اور دیگر ذمہ داران نے قرضہ معافی میں سرکار کو دھوکہ دیا ہے، انہوں نے آفسران سے کہا کہ وہ ایسے معاملات کی طرف توجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ پردھان منتری کسان یوجنا سے اترکنڑا ضلع میں 73فی صد استفادہ کیا گیا ہے، اس کو مسلسل پانچ برسوں تک جاری رکھا جائے گا۔

میٹنگ میں نگراں کار سکریٹری نے مختلف محکمہ جات میں عملے کی قلت اور دیگر سہولیات کے متعلق جانکاری حاصل کی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار ، ضلع پنچایت سی ای او محمد روشن، اسسٹنٹ کمشنر پریتی گہلوت،بھٹکل اے سی ساجدملا، ڈاکٹر ایشور الاگڈی، ابھیجن سمیت ضلعی سطح کے افسران میٹنگ میں حاضر تھے۔ ضلع کے تمام تحصیلدار بھی  وڈیو کانفرنس کے ذریعے میٹنگ میں شریک ہوئے۔


Share: