کاروار:10؍ ڈسمبر(ایس اؤ نیوز) اترکنڑا ضلع کے مقامی عوامی اداروں سے ودھان پریشد رکنیت کے لئے انتخابات لڑرہے پانچ امیدواروں کی قسمت بیلٹ باکس میں جمعہ کو بند ہوگئی ۔ 10دسمبر کو اترکنڑا ضلع میں کل 99.73 فی صد پولنگ ریکارڈ کی گئی ہے ۔ ضلع کے 12 تعلقہ جات میں سے بھٹکل، ہوناور، کمٹہ، یلاپور اور منڈگوڈ میں صد فیصد پولنگ نہیں ہوسکی، البتہ دیگر سات تعلقہ جات میں صد فیصد پولنگ درج کی گئی۔
بتاتے چلیں کہ اترکنڑا ضلع سے ودھان پریشد کی رکنیت کے لئے بی جے پی کے امیدوار گنپتی الویکر، کانگریس امیدوار بھیمنانائک، رعیت بھارت پارٹی کے سوم شیکھر گوڈا، آزاد امیدوار کے طورپر دتاتریہ نائک اور ایشور گوڈا میدان میں ہیں۔
بھٹکل میں تین ، یلاپور میں دو، ہوناور میں ایک، کمٹہ میں ایک اور منڈگوڈ میں ایک ممبر یعنی جملہ آٹھ اراکین اپنی حق رائے دہی کے لئے پولنگ بوتھ نہیں پہنچے اور ضلع کے جملہ 2915 اراکین میں سے 2907 اراکین نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔
یاد رہے کہ ضلع اُترکنڑا میں کل 238پولنگ بوتھ بنائے گئےتھے ۔ 263پی آر اؤ، 263پی اؤ، 36سیکٹر آفیسرس اور 261مائکرو آبزرور کو انتخابی فرائض کی انجام دہی کے لئے اُتارا گیا تھا۔جبکہ حفاظتی انتظامات کے طور پر تمام پولنگ بوتھوں پر وڈیو گرافروں کو بھی نامزد کیا گیا تھا اور رائے دہندگان کو چھوڑ کر دیگر کسی کو بھی پولنگ بوتھوں پر جانے کی اجازت نہیں تھی۔