ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / کاروار،انکولہ سمیت اترکنڑا ضلع کےمختلف تعلقہ جات میں اچانک برسی بارش: بیوپاریوں اور کسانوں کو نقصان

کاروار،انکولہ سمیت اترکنڑا ضلع کےمختلف تعلقہ جات میں اچانک برسی بارش: بیوپاریوں اور کسانوں کو نقصان

Thu, 25 Mar 2021 20:07:53    S.O. News Service

کاروار:25؍مارچ  (ایس اؤ نیوز)اترکنڑا ضلع کے مختلف تعلقہ جات ،کاروارشہر سمیت تعلقہ کےمختلف مقامات پر بدھ کی شام برسی بارش سے موسم کچھ دیر کےلئے ٹھنڈا ہوگیا۔ طوفانی ہواؤں، بجلی کی کڑک اور گرج کے ساتھ ہوئی بارش کی وجہ سے جہاں باکڑا بیوپاریوں کوپریشانی ہوئی تو وہیں کسانوں کی فصل کو نقصان پہنچنےکی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ 

دوپہر کے بعد موسم میں کافی تبدیلی دیکھی جارہی تھی شدت کی گرمی تھی ،درجہ حرارت میں لگاتار اضافہ ہورہاتھا شام ہوتے ہوتے گھنے سیاہ بادل امڈآئے اور بارش برسنا شروع ہوئی ۔ اچانک شروع ہوئی بارش کی وجہ سے گھر سے باہر نکلے افراد کو گھر لوٹنے میں پریشانی کا سامنا کرناپڑا۔ طوفانی ہوائیں چلنے کی وجہ سے بجلی سپلائی بھی بند کی گئی تھی۔ انکولہ ، کمٹہ اور ہوناور میں بھی زوردار بارش ہوئی ہے، البتہ بھٹکل میں شدت  کی گرمی سے عوام کا براحل دیکھا گیا۔

انکولہ :تعلقہ بھر میں بدھ کی شام ایک گھنٹے سے زائد وقت کےلئے گرج دار بجلیوں کےساتھ بارش برسی ۔ زوردار سے ہوئی بارش کی وجہ سے درختوں پر لگے آموں کے پھول جھڑنے پر کسانوں کو کافی نقصان ہونےکی اطلاعات ہیں۔ اچانک ہوئی بارش کی وجہ سے سبزی ترکاری کے کاشت کار پریشانی میں مبتلا دیکھے گئے۔ زوردار  بارش کی وجہ سے کئی مقامات پر بجلی سپلائی بند ہوگئی تھی۔ شٹگیری گرام پنچایت حدود کےہڈو نامی مضاف میں بلیندر سکرو گوڈا کے دو ناریل کے درختوں پر بجلی گرنے سے  دونوں درخت جل کر خاک ہوگئےہیں۔ البتہ پا س پڑوس کے گھروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔

جوئیڈا:پچھلے دو ہفتوں سے سخت گرمی اور حرارت سے پریشان عوام کو بدھ کی شام آدھے گھنٹے تک برسی بارش کی وجہ سے راحت پہنچی۔ چونکہ ہر بدھ کو جوئیڈا میں مارکیٹ ڈے ہوتاہے تو بارش کی وجہ سے بیوپاریوں کو بھی پریشانی ہوئی۔ دو تین گھنٹے پہلے سے ہی سیاہ بادلوں کی آمد اور گڑگڑاہٹ نے پیشی کی تھی کہ بارش ہونے والی ہے تو بیوپاریوں نے پہلے تارپول وغیرہ کا انتظام کرلیا تھا۔  کچی مرچی، لال مرچی ، سوکھی مچھلی جیسی اشیاء کی حفاظت کے لئے بیوپاریوں کو کافی دقت  پیش آئی ۔ قریب آدھے گھنٹے تک برسی بارش کی وجہ سے جوئیڈا علاقےمیں کاجو اور آم کی فصل کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ہلیال : شہر میں بدھ کی شام قریب آدھے گھنٹے بارش برسی ہے۔ تعلقہ کے دیگر مقامات پر بھی بارش  ہونے کی وجہ سے باغبانی کی فصلیں ، مونگ، مونگ پھلی ، بٹانے  جیسی فصلوں کی حفاظت کو لے کر کسان بھاگ دوڑ کرتےدیکھے گئے۔ اس دوران تھوڑی بہت فصل کو نقصان پہنچا۔ تعلقہ بھر میں فروری کے پہلے ہفتہ سے اینٹوں کو تیار کرکے سوکھنے کے لئے رکھے گئے تھے۔ بارش کی وجہ سے اینٹ فیکڑی کے مالکان کو بھی نقصان پہنچنے کی بات کہی جارہی ہے۔


Share: