ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ڈرینیج مسئلہ پرٹیکنیکل ماہرین ٹیم کا بھٹکل غوثیہ اسٹریٹ دورہ : صرف دورے ہونگے یا کوئی حل بھی نکلے گا؟ عوام کا سوال

ڈرینیج مسئلہ پرٹیکنیکل ماہرین ٹیم کا بھٹکل غوثیہ اسٹریٹ دورہ : صرف دورے ہونگے یا کوئی حل بھی نکلے گا؟ عوام کا سوال

Wed, 13 Sep 2017 19:26:59    S.O. News Service

بھٹکل:15/ستمبر (ایس اؤنیوز) بھٹکل میں  ڈرینج سسٹم ناکارہ ہونے اورغوثیہ اسٹریٹ میں واقع پمپنگ اسٹیشن سے گھٹر کا پانی  ندی میں چھوڑے جانے  کے نتیجے میں  صاف کنوئوں میں گھٹر کا پانی جمع ہوجانے کی شکایتوں اور احتجاج کی دھمکیوں کے بعد بالاخر اُترکنڑا ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر  ٹکنیکل ماہرین کی ایک ٹیم نے بدھ کو بھٹکل کا دورہ کرتے ہوئےمتعلقہ مقامات کا معائنہ کیا۔

ضلع منصوبہ جات آفیسر آر پی نایک ، ٹکنکل ماہر وی ڈی ہیگڈے ودیگر نے غوثیہ اسٹریٹ کے کچرا نکاسی مرکز کے بجلی سامان اور موٹر کے کام کا جائزہ لیا۔ بتایا گیا ہے کہ  پمپ کرنے والے موٹر میں اس ٹیم کو کوئی خامی نظر نہیں آئی۔ ٹیم  نے خیال ظاہر کیا ہے  کہ شہر میں جہاں اندرونی نالیوں کامسئلہ ہے ماہرین نے کچھ مین ہول کو غلط مقام پر تعمیر کیا ہے، جس کی  وجہ سے بارش کا پانی ا ندرونی نالیوں کے گندے پانی سے مل رہا ہےاور اسی  وجہ سے ان نالیوں میں دباؤ زیادہ ہورہاہے اور اسی سے مسئلہ پیدا ہورہا ہے۔

ضلعی ماہرین  ٹیم  جیسے ہی غوثیہ اسٹریٹ پہنچی ،  مقامی عوام نے افسران کے سامنے بے اطمینانی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ کئی سالوں سے یہ مسئلہ جوں کا توں ہے، ہرکسی سے کہاگیا لیکن کوئی بھی اس مسئلہ کو حل نہیں کررہاہے، گندہ پانی کنوؤں ، نالوں میں شامل ہونا بند نہیں ہورہاہے، جس سے اطراف کی عوامی زندگی اجیرن  بن کر رہ گئی  ہے، عوام نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈرینج سسٹم فیل ہوجانے سے علاقہ میں بیماریاں پھیلنے  کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

عوام نے الزام لگایا کہ شہر کے ذمہ داران اور لیڈران اس مسئلہ کو حل کرنے کے نام پر  ریاستی وزراء، افسران  اور  ماہرین وغیرہ کو بلاکر یہاں کا  دورہ کراتے  ہیں لیکن  مسئلہ  حل کرانے میں ابھی تک ناکام ہیں۔ غوثیہ اسٹریٹ کے مکینوں نے بتایا کہ ہم نے  ہرایک سے منت سما جت کی مگر ہماری  کوئی سننے والا نہیں ہے ،بھٹکل میٹھے پانی کا گاؤں ہے لیکن ہمیں پانی نہیں مل رہاہے۔ ان لوگوں کے مطابق یہ مسئلہ صرف غوثیہ اسٹریٹ کا نہیں ہے، پورے بھٹکل کا گندہ پانی ہمارے محلے میں آکر جمع ہوتاہے۔ ہمیں بتایا گیا تھا کہ  یہاں پر قائم پمپنگ اسٹیشن سے گھٹر کے پانی کو وینکٹاپور ندی میں چھوڑا جائے گا، مگر شہر کے اندر سےگذرنے والی شرابی ندی میں چھوڑ کر پوری ندی کو آلودہ کردیا گیا ہے جس کے نتیجے میں نہ صرف غوثیہ اسٹریٹ بلکہ اطراف کے تمام علاقوں کے کنوئوں میں گھٹر کا پانی جمع ہورہا ہے۔

ضلعی ماہرین کے ساتھ وارڈ کے کونسلر اور اسٹانڈنگ کمیٹی کے چیرمن کی غیر حاضری پر بھی مکینوں نے سخت اعتراض جتاتے ہوئے کہاکہ مسئلہ کو لے کر ہم عوام اتنے پریشان ہیں مگر وارڈ کے کونسلر اور اسٹائنڈنگ کمیٹی کے چیرمین کو اس کی کوئی  فکر نہیں ہے ۔

 بلدیہ صدر محمد صادق مٹا ، نائب صدر کے ایم اشفاق، کونسلرس قیصر محتشم، فیاض ملا، محی الدین الطاف کھروری، ایس ایم سید پرویز، میونسپل چیف آفیسر وینکٹیش ناؤڈا وغیرہ موجود تھے۔


Share: