بھٹکل:3؍فروری(ایس اؤ نیوز) الیکٹرل ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے تعلق سے سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے وامن مشرام نے کانگریس اور بی جےپی پرسنگین الزام عائد کیا ہے کہ دونوں پارٹیاں ای وی ایم میں گھوٹالہ کرتے ہوئے اقتدار حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور دونوں پارٹیوں کے درمیان سمجھوتہ ہوا ہے۔
ای وی ایم ، این آر سی ، سی اے اے اور این پی آر بھانڈا پھوڑ ریلی کی بھٹکل آمد پر بہوجن کرانتی مورچہ کے قومی صدر وامن مشرام نے خطاب کرتے ہوئے ای وی ایم کو این آر سی، این پی آر اور شہریت ترمیمی قانون کی ماں قرار دیا اور کہا کہ اگر ای وی ایم نہیں ہوتی تو مودی وزیر اعظم ہی نہیں بنتے ۔
انہوں نے کہاکہ ابھی تک بھارت سرکارکی ریکارڈ میں ایک بھی شخص پاکستان سے بطور پناہ گزیں کے طورپر نہیں آیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی سی سی کی انٹرویو کے مطابق جواہر لال نہرو خود کہہ رہے ہیں کہ ہم نے مسلم لیگ کی پریشانی سے بچنے کے لئے پاکستان بنایا ہے۔ پاکستان میں صرف اقلیت پر ہی نہیں بلکہ مسلم مہاجروں پر بھی ظلم و ستم ہورہاہے ۔ مرکزی حکومت کا یہ الزام غلط ہے کہ پاکستان میں صرف ہندووں پر ظلم ہورہاہے۔بھارت ایک ایسا ملک ہے جہاں ایس سی ، ایس ٹی، او بی سی کی اکثریت ہے ان پر ظلم ہورہاہے۔ ان سیاہ قوانین سے یوروپی ممالک کے سرمایہ دار اپنا سرمایہ واپس لے جارہے ہیں، جس سے ملک کی معاشی گراوٹ ہورہی ہے ، بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔ بیرونی صنعت کار خطرہ محسوس کررہے ہیں کہ اگر یہاں سرمایہ کاری کی جائے گی تو کبھی بھی خطرہ ہوسکتاہے اسی لئے اپنا سرمایہ نکال لے جارہے ہیں۔
2001اٹل بہاری واجپئی کے دور اقتدار میں مردم شماری کی گئی ۔ پورا ڈاٹا اکٹھا کیاگیا اور بہت ہی خفیہ طریقے سے یہ سروے کیاگیا کہ ملک کے شہریوں میں کس کے پاس شہری ہونےکے دستاویزات ہیں اور کس کے پاس نہیں ہیں۔ وامن مشرام کے مطابق 2011میں کانگریس نے کمیوں اور خامیوں کو دور کیا اور اٹل بہاری واجپئی کے منصوبے کو آگے بڑھایا۔
کانگریس کو منافق قرار دیتے ہوئے وامن مشرام نے کہا کہ مسلمان کانگریس پارٹی کو سیکولر پارٹیسمجھتے ہیں اور ہمیشہ اُسی کو ووٹ دیتے آئے ہیں حالانکہ مسلمانوں کو سب سے زیادہ نقصان اُسی پارٹی سے ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو سب سے زیادہ خطرہ منافقوں سے ہے۔ مزید کہا کہ جو کھلا دشمن ہے اس سے لڑنے کے لئے تو مسلمان تیار ہیں، لیکن منافق کون ہے اُسے سمجھ نہیں پارہے ہیں۔ انہوں نے موجودہ مرکزی حکومت کے تعلق سے خطاب میں کہا کہ یہ حکومت بولتی کچھ ہے اورکرتی کچھ اور ہے ، ان کی نیت پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔ کاغذات جعلی بھی ہوسکتےہیں، بنائے بھی جاسکتے ہیں، گنوائے بھی جاسکتےہیں ، لیکن ایک ثبوت ایسا ہے جس میں کسی غلطی یا کمی کی گنجائش نہیں ہے۔ وہ ہمارے جسم میں ہے یعنی ڈی این اے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اگر انہیں غیرملکیوں کا پتہ لگانا ہے تو وہ ملک میں ڈی این اے کے مطابق این آر سی کرائیں۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ اگر ڈی این اے کرایا جاتا ہے تو پتہ چلے گا کہ کون اس ملک کے اصلی باشندے ہیں اور کون غیر قانونی تارکین وطن ہیں۔
وامن مشرام نے وزیراعظم نریندر مودی کو اٹل بہاری واجپئی اور اڈوانی کی چاکری کرنے والا قرار دیا اور کہا کہ آج ای وی ایم مشین کے تعاون سے اُسے اتنی بڑی اکثریت حاصل ہوئی ہے۔ مشرام کے مطابق بی جے پی کے بڑے بڑے دگج جو نہیں کرسکتے تھے وہ کام مودی ای وی ایم مشین کے ذریعے کررہے ہیں، انہوں نے کھلے عام الزام لگایا کہ بی جے پی راست عوام سے ووٹ حاصل کئے بغیر سازش کے ذریعے اقتدار پر قابض ہوئی ہے۔
وامن میشرام نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی نقل ہوا میں لہراتے ہوئے عوام کو بتایا کہ خود سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ ای وی ایم مشین کے ذریعےآزادانہ اور شفاف انتخابات منعقد کرنا ممکن نہیں ہے۔ مشرام نے بتایا کہ ای وی ایم کی اصلیت ظاہر کرنے اور اس کا بھانڈا پھوڑنے کے ساتھ ساتھ ،سی اے اے کی سازش کا پردہ فاش کرنے اور ڈی این اے پر منحصر این آر سی کا مطالبہ لے کر ملک گیر سطح پر پریورتن یاترا کا اہتمام کیا گیا ہے۔
قومی مسلم مورچہ کے صدر اور مسلم پرسنل لاء بورڈ ممبر مولانا عبدالحمید اظہری نے خطاب کرتےہوئے کہاکہ شہریت قانون صرف ہماری شہریت کو نہیں چھین رہا ہے بلکہ ہماری پوری زندگی کو برباد کررہا ہے، وہ ایک میٹھی پڑیا میں لپٹے ہوئے زہر کی مانند ہے۔ ملک کی اکثریت دلت، پسماندہ ، ایس سی ، ایس ٹی اور اقلیت کے خلاف ناانصافی ، ظلم و ستم کے خلاف لگاتار جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ مولانا نے کہاکہ دنیا کی کوئی طاقت ہمیں ایک انچ بھی ہٹا نہیں سکتی ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام مساوات، بھائی چارگی کا دھرم ہے، صوفی سنتوں کے ذریعے اس ملک کے کروڑوں لوگوں کے دلوں میں گھر کرگیا ہے۔
قومی اصل باشندے کی مہیلا سنگھ کی صدر نیشا میشرام ، بدھسٹ انٹرنیشنل نیٹ ورک کے پروفیسر ولاس کرات، دلت سنگھرش سمیتی بھیم گرجنے کے صدر اُدئیے کمار تلور، قومی پسماندہ مورچہ صدر وکاس چودھری ، وکیل مزمل قاضیا وغیرہ نے اپنے خیالات کااظہار کیا۔
ڈائس پر مجلس اصلاح وتنظیم کے صدر ایس ایم احمد پرویز ، جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ، نائب صدر عتیق الرحمن منیری ، اراکین انتظامیہ عنایت اللہ شاہ بندری ، محمد یونس رکن الدین، عمران لنکا، جماعت اسلامی بھٹکل کے امیر مقامی انجنئیر نذیر احمد قاضی ، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر امتیاز ادیاور ، ایس ڈی پی آئی کے ضلعی صدر توفیق بیری ، پی ایف آئی کے ضلعی صدر مقصود چنداور، ویلفئیر پارٹی کے ضلعی صدر ڈاکٹر نسیم خان وغیرہ موجود تھے۔
وامن مشرام کا مکمل خطاب: