ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / منگلورومیں گھر کی ملازمہ اور واچ مین 18لاکھ روپئے لوٹ کر فرار

منگلورومیں گھر کی ملازمہ اور واچ مین 18لاکھ روپئے لوٹ کر فرار

Sun, 03 Jul 2016 20:38:44    S.O. News Service

منگلورو:3/ جولائی(ایس او نیوز)بیک گرائونڈ دیکھے بغیراورکوئی جانچ کئے بغیر کسی کو گھر پر ملازمت کے لئے رکھنا اتنا مہنگا پڑسکتا ہے کہ ایک مکان مالک کو چند گھنٹوں میں 18 لاکھ روپیوں کا نقصان اُٹھانا پڑا ہے۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بلڈر نرسمہا رائو نے کچھ دنوں پہلے ایک عورت اور مرد کو اُن کا بیک گرائونڈ دیکھے بغیراور شناختی کارڈ کی جانچ پڑتال کئے بغیراپنے مکان پر پرملازمت پر رکھا تھا، اور دونوں نے مبینہ طورپراس کے مکان سے 18 لاکھ روپیہ لے کر رفو چکر ہوگئے ،چوری کی یہ واردات  سنیچر کی شام کو انجام دی گئی ۔ مانا جارہاہے کہ ان دونوں کی دیگر چار لٹیروں نے بھی مدد کی جو فی الوقت فرار ہیں۔

بلڈر نرسمہا راؤ نے 22جون کو ایک روزنامہ میں ایک گھروالی ملازمہ اور واچ مین مطلوب کا اشتہار شائع کروایا تھا، اس کے بعد شیوا(32)اور جیوتی (22) نامی دو افراد نے بلڈر کے گھر پہنچ کر ملازمت کی درخواست کی تھی ، بغیر کوئی جانچ پڑتال کئے دونوں کا تقررکرلیا گیا ، دونوں کا تعلق دھارواڑ ضلع سے بتایا جارہاہے۔ بلڈر نے دونوں کے لئے اپنے ہی کمپاؤنڈ کے اندر ایک گھر تعمیر کرکے رہنے کے لئے دیا تھا۔ سنیچر کی شام قریب 30-4 بجے نرسمہاراؤ اور ان کی فیملی اپنے رشتہ دار کے ہاں ملاقات کے لئے گئے ہوئے تھے۔ جس کا فائدہ اُٹھاکر ان دونوں نے گھر کو ہی لوٹ لیا۔

گھر پر لگے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں میں قید تصویروں کے مطابق شام 15-6 بجے شیوا اور جیوتی نے دیگر چار معاونین کے ساتھ گھر کو توڑ کر اندر داخل ہوئے ۔مانا جارہاہے کہ لٹیروں نے پہلے دروازے کے نچلے حصہ کو جلا یا پھر توڑکر اس کو کھولا۔ اور گھر سے 18لاکھ روپئے چوری کرکے فرار ہوگئے۔ لٹیروں نے سونے کے زیورات کی بھی تلاش کی ہے لیکن ان کے ہاتھوں کچھ بھی نہیں لگا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اس گروہ میں کل 6لوگ شامل ہیں، لیکن اصل مجرم تو شیوااور جیوتی ہیں دیگر نے ان کی مددکی ہے۔ جیسے ہی ڈکیتی کا پتہ چلا کاؤور پولس تھانے کو اطلاع دی گئی تو پولس جاسوسی کتوں اور فنگرپرنٹس ماہرین کے ساتھ جائے واردات پر پہنچ کر جائزہ لیتے ہوئے جانچ میں جٹ گئی ۔ کاؤور پولس تھانہ میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔


Share: