منگلورو:27؍جنوری (ایس او نیوز) منگلورو جنوبی تھانہ پولس اور منگلورو کرائم برانچ پولس کی مشترکہ کارروائیوں میں دوملزمان کو گرفتار کرنے اور دیوی کی مورتی اور الٹو کار سمیت کل 2،69،000روپئے مالیت کے اشیاء ضبط کرلینے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
ملزموں کی شناخت سُلیا ،کیمراجے دیہات کے مکین سبرامنیا بھٹ (44) اور کیرلا ،کولم ضلع کے نثار یونس کوئیں (54) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ پولس کے مطابق دونوں ملزمان سبرامنیا بھٹ اور نثار منگلورو شہر کے فٹ بال میدان کے قریب 24جنوری کی دوپہر 2 بجے ایک گاہک کو قدیم زمانے کی ایک دیوی کی مورتی فروخت کرنے کا منصوبہ بنارہے تھے ۔ منصوبے کی سی سی بی پولس کو اطلاع ملی تو انہوں نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزموں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا اور شیر پر بیٹھی ہوئی دیوی کی مورتی ، کار اور موبائیل ضبط کرلیا۔
پولس کا کہنا ہے کہ ضبط شدہ دیوی کی مورتی پیتل کی ہے۔ مگر ملزم نثار منگلورو شہر کی ایک دوکان سے دیوی کی مورتی کو خریدکر اپنے ساتھی سبرامنیا کے ساتھ اس کو قدیم زمانے کی مورتی بتا کر گاہک کو 2کروڑ روپیوں میں فروخت کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ متعلقہ کارروائی میں منگلورو سی سی بی پولس دستہ کا عملہ اور منگلورو شہری پولس کا عملہ شریک تھا۔