منگلورو:16/مارچ (ایس او نیوز) ترقی پسند دانشور اور آرٹی آئی کارکن پروفیسر نریندر نایک پر سپاری کلّر وں کے ذریعے قاتلانہ حملہ کی کوشش کئے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
پروفیسر نریندر نایک نے اُروا پولس تھانہ میں دی گئی شکایت میں بتایا ہے کہ وہ 15مارچ بروز بدھ کی صبح 6-25 کے قریب اپنی کار کے ذریعے منگلا اسٹیڈیم کے سوئمنگ پول جارہے تھے کہ دو نامعلوم لوگ بائک پر ان کی کار کا پیچھا کرتے ہوئے اس کے قریب پہنچے اور اُنہیں بتایا کہ ان کی کار کا ٹائر پنکچر ہوگیا ہے، لہٰذا کار کو کنارے روک دیں۔ نریندر نائک کے مطابق وہ دونوں اُنہیں قتل کرنے کے ارادے سے کار کو روکنا چاہتے تھے، مگر نریندر نایک نے خطرے کو بھانپتے ہوئے کار کو تیزی سے دوڑا تے ہوئے مبینہ قاتلوں سے بچ کر آگے نکل گئے۔ بتایا گیا ہے کہ پروفیسر نریندرنائک ، معروف آرٹی آئی کارکن ونایک بالیگا قتل معاملے کے سلسلے میں جدوجہد کررہے ہیں اور اُن کے گھروالوں کی مدد کررہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ نریندر نایک کو قتل کی دھمکیاں ملنے پر پولس نے ان کی حفاظت کے لئے ایک گن مین بھی فراہم کیا ہے۔ مگر بدھ کو وہ بغیر گن مین کے اپنی کار میں جارہے تھے جس کے دوران دولوگوں نے بائک پر آکر ان کے قتل کی کوشش کی ۔منگلورو کے اُروا پولس تھانے میں کیس درج کرلیا گیا ہے اور معاملہ کی چھان بین کی ذمہ داری سی سی بی پولس کے حوالے کی گئی ہے۔