منگلور میں حج گھر کے خواب کو جلد شرمندۂ تعبیر کیاجائے گا: روشن بیگ
منگلور،(ایس او نیوز )3؍اگست : منگلور سے عازمین حج کا پہلا ہندوستانی قافلہ مدینہ منورہ کیلئے روانہ کرنے کیلئے ایک تقریب کا اہتمام کیاگیا۔جس میں وزیرشہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ نے منگلور میں ایک ہمہ مقصدی حج بھون کی تعمیر کیلئے ریاستی حکومت سے بھرپور تعاون کا اعلان کیا۔ تقریب سے مخاطب ہوکر انہوں نے کہاکہ یہ حج بھون صرف موسم حج کیلئے محدود نہیں رہے گا بلکہ کثیر المقاصد عمارت ہوگی، جو سال بھر استعمال میں لائی جاسکے۔ منگلور انٹرنیشنل ایرپورٹ سے کل مدینہ منورہ کیلئے ہندوستان کے پہلے حج قافلے کی روانگی کے سلسلے میں آج منگلور کے پرانے باجپے ایرپورٹ پر منعقدہ جلسے میں انہوں نے کہاکہ منگلور میں حج بھون کی تعمیر کیلئے انٹرنیشنل ایرپورٹ سے قریب کنجاوری میں ایک سائٹ محفوظ کردی گئی ہے۔ اس بھون کی تعمیر کیلئے فنڈز کی فراہمی کے ذریعہ بہت جلد منگلور میں حج بھون کی تعمیر کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کیا جائے گا۔اس سے قبل ضلع انچارج وزیر رمناتھ رائے اور وزیر شہری رسد وخوارک یوٹی قادر نے جناب روشن بیگ سے مطالبہ کیا کہ منگلو رمیں حج بھون کی تعمیر کے خواب کو جلد از جلد شرمندۂ تعبیر کیاجائے۔ان مطالبات پر جناب روشن بیگ نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت جلد ازجلد حج بھون کیلئے درکار فنڈز فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ جناب روشن بیگ نے کہاکہ بیشتر مقامات پر حج بھون صرف موسم حج میں استعمال کیاجاتاہے اور باقی ایام میں یہ عمارتیں گردوغبار سے اٹی رہتی ہیں۔ اسی لئے بنگلور کے حج بھون کے مانند منگلور کے حج بھون میں بھی بجز شادیوں کے دیگر تمام ثقافتی تقریبات کیلئے استعمال کی اجازت ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ بنگلور میں تعمیر شدہ عالیشان حج بھون کا افتتاح 27 اگست کو ہوگا، اس حج بھون کو بھی کثیر المقاصد عمارت بنایا گیا ہے۔ اس کے استعمال کو محض عازمین حج کی روانگی تک محدود نہیں کیا جائے گا بلکہ راجدھانی میں بیرون مقامات سے آنے والے مسلم خاندانوں کے قیام اور چھوٹے موٹے تاجروں کے ٹھہرنے کی سہولت اس حج بھون میں مہیا کرائی جائے گی۔عازمین حج کو سفر کی مبارکباد دیتے ہوئے جناب روشن بیگ نے کہاکہ حج کسی دولت مند یا امیر کو نصیب نہیں ہوتا بلکہ اسے نصیب ہوتا ہے جسے اﷲ منتخب کرلے۔ انہوں نے عازمین حج سے گذارش کی کہ ریاست کرناٹک بالخصوص ساحلی کرناٹک میں امن وامان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے حرمین شریفین میں خصوصی دعا کریں۔ اس موقع پر مخاطب ہوکر وزیر شہری رسد وخوراک یوٹی قادر نے کہاکہ سفر حج کیلئے منتخب خوش نصیبوں پر اﷲ کی رحمت برستی ہے۔ سفر پر روانگی کے مرحلے میں اور دوران سفر چھوٹی موٹی مشکلات کا پیش آنا لازمی ہے۔ان مشکلات کو قطع نظر کرتے ہوئے وہ اپنے سفر کو کامیاب بنانے پر توجہ دیں۔ تقریب میں سابق وزیر ابھے چندر جین ، رکن اسمبلی محی الدین باوا ، منگلور کے میئر ہری ناتھ ودیگر نے مخاطب ہوکر عازمین حج سے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔دکشن کنڑا ضلع کے قاضی الحاج تقویٰ احمد مصلیار کی دعا سے عازمین حج کے سفر کے اس جلسے کا آغاز عمل میں آیا۔منگلور ضلع وقف مشاورتی کمیٹی کی طرف سے جناب روشن بیگ کو ایک عرضداشت پیش کی گئی جس میں یہ گذارش کی کہ حج بھون کی تعمیر کیلئے جلد از جلد فنڈز مہیا کرائے جائیں۔ اس موقع پر منگلور انٹرنیشنل ایرپورٹ کے ڈائرکٹر جی ٹی رادھا کرشنا ،منگلور کے سینئر مسلم قائدین کے ایس محمد مسعود ، حج نگرانی کمیٹی کے چیرمین محمد کنی ، منگلور اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیرمین ابراہیم کوڈی جال ، کرناٹکا بیاری ادبی اکاڈمی کے چیرمین بی ایم محمد حنیف ، منگلور مہانگر پالیکے کے چیف وہپ ششی دھر ہیگڈے ، ایر انڈیا کے جنرل منیجر ناگیش شٹی ،منگلور مہانگر پالیکے کمشنر محمد نذیر ، جی اے باوا، شاہ الحمید ، بی ایچ قادر ، حج کمیٹی کے ایگزی کیٹیو آفیسر سرفراز خان وغیرہ موجود تھے۔اس موقع پر جناب روشن بیگ نے ملک اور بیرون ممالک میں جاری دہشت گردانہ سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ مذہب اسلام نے کبھی تشدد کی تعلیم نہیں دی ہے۔اسلام نے ہمیشہ امن وامان کا پیغام دیاہے، جو لوگ اسلام کا نام لے کر ساری دنیا میں قتل وغارتگری کررہے ہیں وہ ہرگز مسلمان ہونہیں سکتے۔انہوں نے کہاکہ سعودی عرب میں ہندوستانی عازمین حج کا کافی احترام کیاجاتا ہے۔ حرمین شریفین میں ہندوستانی عازمین کے مقابلے پاکستانیوں کی تین تین بار تلاشی لی جاتی ہے۔ ہندوستان کو خاص طور پر حرمین شریفین میں جو باوقار مرتبہ حاصل ہے وہ قابل رشک ہے۔ وزیر جنگلات رمناتھ رائے نے اس موقع پر کہا کہ منگلور سے عازمین حج کے قافلوں کی اگلے سال روانگی نئے حج بھون سے یقینی بنائی جائے۔ منگلور انٹرنیشنل ایرپورٹ سے تھوڑی ہی دوری پر دوایکڑ زمین اس کیلئے مہیا کرائی گئی ہے۔جناب روشن بیگ کی سرپرستی میں جس طرح بنگلور کے حج گھر کا خواب شرمندۂ تعبیر ہورہا ہے اسی طرح منگلور کے حج گھر کو حقیقی جامہ پہنایا جائے۔