اُڈپی:2؍دسمبر (ایس اؤ نیوز) ایڈس بیماری کرونا وائرس سے بھی خطرناک ہے، کورونا سےمتاثرہ لوگ 99.18 فی صد شفایاب ہوتےہیں جب کہ ایڈس سےمتاثرہ لوگ زندگی بھر جوجھتے رہتےہیں، اُنہیں سماجی سطح پر نظر انداز کیاجاتاہے، اس لئے عوام کے درمیان ایڈس کے متعلق مزید بیداری پیدا کرنےکی ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار اُڈپی ضلع ڈپٹی کمشنر جی جگدیش نے کیا۔وہ یہاں اُڈپی کے پور بھون میں ضلعی انتطامیہ ، ضلع پنچایت، ضلع صحت عامہ اور خاندانی فلاح بہبود محکمہ اور مختلف اداروں کے اشتراک سے منعقدہ ’’عالمی یوم ِ ایڈس‘‘ کے موقع پر ایچ آئی وی وائرس کی روک تھام میں عالمی اتحاد اور ذمہ داریاں نامی عنوان کے تحت پروگرام کا افتتاح کرنےکے بعد خطاب کررہے تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ایڈس کے متعلق عوام میں زیادہ سے زیادہ بیداری پیدا کرنا بہت ضروری ہے، اسی لئے اس طرح کے کئی ایک پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں، اگر ہمارے پروگرام عوام میں شعور پیدا کرنےمیں کامیاب ہوئے تو ایڈس سے ہلاک ہونے والوں کی تعدا د میں کمی ہوسکتی ہے۔سماجی سطح پر یہ بھی ضروری ہے کہ ایڈس سے متاثر افراد کے ساتھ تعصب یا تفریق کا رویہ نہ اپنائیں۔ فی الوقت اُڈپی ضلع پوری ریاست میں ایڈس کی تھام کرنےمیں اول مقام پرہے،انہوں نے اس بات کی بھی جانکاری دی کہ باگلکوٹ دوسرے اور کوپل تیسرے مقام پر ہے
پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے ضلع پنچایت سی ای اؤ ڈاکٹر نوین بھٹ نے ایڈس کے متعلق پیشگی اقدامات اختیار کرتےہوئے صحت مند زندگی گزارنےکی صلاح دی۔ پروگرام میں ایڈس کی روک تھام میں خدمات انجام دینےو الوں کی تہنیت کی گئی ۔ اس موقع پر کوڑ بیماری کا پتہ لگانے والی مہم کے پوسٹرس کا ڈی سی نے اجراء کیا۔ ڈائس پر اُڈپی کی سنئیر سول منصفہ اور قانونی خدمات بورڈ کی سکریٹری کاویری ، ضلع صحت عامہ افسر ڈاکٹر سدھیر چندر سوڑ، ضلع سرجن ڈاکٹر مدھوسودھن نایک موجود تھے۔ کووڈ-19 کے نوڈل افسر ڈاکٹر پرشانت بھٹ نے افتتاحی کلمات پیش کئے خصوصی افسر ڈاکٹر پریما نند نے استقبال کیا۔ اس سے قبل اُڈپی سرویس بس اسٹانڈ سے پور بھون تک ایڈس بیداری جلوس نکالا گیا ۔