بھٹکل:16/مئی (ایس اؤنیوز)اترکنڑا ضلع وقف دفتر کو کاروار سے سرسی منتقل کرنے کو لے کر کچھ دنوں پہلےکاروار وقف اداروں کے صدور اور ممبران نے ضلع ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کرتے ہوئے منتقلی کو روکنے کی درخواست کرتے ہوئے میمورنڈم پیش کیا تھا اور حکم نامے کے خلاف ہائی کورٹ میں رٹ داخل کی تھی ۔آج اس سلسلے میں بھٹکل کے سماجی کارکن اور میونسپل کونسلر فیاض ملا نے بھی ضلع ڈی سی سمیت ریاستی وزیر اعلیٰ ، وزیر اوقاف تنویر سیٹھ، ضلع نگراں کاروزیر دیش پانڈے اور وقف ایڈمنسٹریٹر کے نام میمورنڈم روانہ کرتے ہوئے مانگ کی ہے کہ وقف دفتر کاروار سے سرسی منتقل نہ کیا جائے ۔ انہوں نے لکھا ہے کہ ضلع کے مرکزی مقام پر کسی بھی دفتر کی موجودگی ضلعی عوام کے لئے کافی سہولت بخش ہوتی ہے ، ورنہ ایک کام کے لئے ادھر ادھر بھاگ دوڑ کرنے سے عوام کافی پریشان ہونگے اور کوئی کام بہتر انداز میں ممکن نہیں ہوگا۔ لہٰذا انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وقف دفتر کو کاروار میں ہی رکھا جائے اور اُسے سرسی منتقل نہ کیا جائے۔