ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل:سوامی اگنی ویش پر ہندوتوا غنڈوں کے قاتلانہ حملہ کی مذمت میں صدرہند کو ایس ڈی پی آئی کا میمورنڈم

بھٹکل:سوامی اگنی ویش پر ہندوتوا غنڈوں کے قاتلانہ حملہ کی مذمت میں صدرہند کو ایس ڈی پی آئی کا میمورنڈم

Sat, 21 Jul 2018 20:21:53    S.O. News Service

بھٹکل :21/جولائی (ایس اؤ نیوز)   جھارکھنڈ میں بی جےپی یوتھ مورچہ اور اے بی وی پی کے کارکنان کے غنڈہ گردی کرتے ہوئے سماجی کارکن، آریہ سماج کے مشہور و معروف سوامی اگنی ویش  جی پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے سوشیل ڈیموکرٹیک پارٹی آف انڈیا بھٹکل شاخ کی جانب سے قانونی کارروائی کا مطالبہ لے کر بھٹکل تحصیلدار کی معرفت صدرہند کو میمورنڈم سونپا گیا۔

میمورنڈم میں کہاگیا ہے کہ  17جولائی کو جھارکھنڈ میں منعقد ہونےو الی ایک آدی باسی میٹنگ میں شرکت کے لئے سوامی اگنی ویش جارہے  تھے، اس دوران  سنگھ پریوار والوں نے  ان پر منصوبہ  بند حملہ کیا ہے۔ ملک بھر میں ہندوتواکا فاشسزم جمہوری نظام کو کمزور کررہاہے، ہندوتوا کی فکری بنیادوں پر  مخالفت کرنے والے روشن خیال اور ترقی پسند وں کا نظریاتی سطح پر سامنا کرنا ممکن نہیں ہونے پر جسمانی حملے کئے جارہے ہیں،  گووند پنسارے ، ڈابولکر، ایم ایم کلبرگی ، گوری لنکیش جیسے مفکروں کا اسی طرح کے ہندوتوا  غنڈوں  کے ذریعے قتل کئے جانے کی  بات میمورنڈم میں کہی گئی ہے۔

ملک بھر میں انتشار اورلاقانونیت کا دوردورہ ہے ،وزیراعظم کی خاموشی سے ہندوتوا غنڈوں کو شہہ مل رہی ہے کہ وہ قانون کو اپنے ہاتھوں  میں لے کر کھیل  کھیل رہے ہیں۔ جھارکھنڈ حکومت کے وزراء اور ارکان اسمبلی بھی حملہ آور ملزموں کی حمایت کرنا ملکی انتشار کی واضح دلیل ہے۔ اگر ملک میں امن وشانتی اور اعتماد سے جینے کا سبھی کو حق حاصل ہوناہے تو ہندوتوا فاشسزم کا ازالہ لازمی ہے۔ جس کے لئے ملک کے باشعور شہریوں کا سکیولرزم کی بقا کے لئے ایک ہونا ضروری ہوجاتاہے۔

اسی طرح شمالی ہندوستان کے مختلف مقامات پر ہونے والے مجموعی تشدد کے واقعات ہماری ریاست میں ہونے لگے ہیں۔ ریاست کے بیدر ضلع میں ایک گروہ نے بچوں کا اغواء کرنے والی جھوٹی خبر پھیلا کر آندھرا پردیش کے سافٹ وئیر انجنئیر محمد اعظم نامی نوجوان پر قاتلانہ حملہ کرکے قتل کی بھی ایس ڈی پی آئی مذمت کرتی ہے۔ میمورنڈم کے توسط سے ایس ڈی پی آئی عزت مآب صدر ہند سے مطالبہ کرتی ہے کہ ہجومی تشدد کے ذریعے قتل کرنے والوں کے خلاف حکومت ایک نئے سخت قانون کو عمل میں لاتے ہوئے سخت کارروائی کی جائے۔ اس موقع پر ایس ڈی پی آئی کے ضلعی صدر توفیق ، تعلقہ صدر وسیم منیگار، ظہیر و دیگر کافی لوگ موجود تھے۔ تحصیلدار وی این باڈکر نے میمورنڈم وصول کیا۔


Share: