بھٹکل:17/ستمبر (ایس اؤنیوز)جمعرات کو بلدیہ دفتر پر پتھراؤ عوامی احتجاج، خود سوزی کے ذریعے خودکشی کو لے کر پولس تھانے میں درج معاملات میں پولس نے اب تک کل 7لوگوں کو گرفتارکیا ہے ،پولس ذرائع کے مطابق معاملات کو لے کر مزید گرفتاریاں ہوسکتی ہیں۔ معاملات کے ملزمین کی فہرست میں درج شدہ ملزمان کو گرفتار کرنے کے لئے پولس کی دو تین سواریاں ، جیپ اور کافی پولس عملہ بس اسٹانڈ کے روبرو شری نواس ڈلکس ہوٹل کے سامنے کھڑا نظر آیا۔
جہاں اتوار کی شام بی جے پی کی طرف سے پریس کانفرنس منعقد کی گئی تھی۔ ملزمان کی فہرست میں درج شدہ ملزمان پریس کانفرنس میں حاضر ہونے کے امکانات کو دیکھتے ہوئے پولس انہیں گرفتار ی کی تیاری کرلی تھی لیکن عوامی احتجاج میں شریک اکثر بی جے پی لیڈران گرفتاری کے خوف سے شری نواس ہوٹل میں ہوئی بی جے پی کی پریس کانفرنس سے دور ہی رہنے میں عافیت سمجھے۔ صرف سابق رکن اسمبلی جے ڈی نائک اور مقامی بی جے پی صدر راجیش نائک سمیت چند لوگ ہی پریس کانفرنس میں موجود رہنےکی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔