بھٹکل:3/جنوری (ایس او نیوز)خالقِ کائنات نے انسانوں کی رہنمائی کے لئے ہر قوم میں پیغمبروں اور رسولوں کو بھیجا ہے، جس کی آخری کڑی حضرت محمد ﷺ ہیں۔ حضرت محمد ﷺ صرف مسلمانوں کے نہیں بلکہ کائنات کی ہر چیز کے لئے رحمت بنا کربھیجے گئے ہیں۔ بھٹکل تعلقہ منڈلی کے سرکاری ہائی اسکول میں منعقدہ خصوصی پروگرام میں شمس ہائی اسکول کے صدر مدرس محمد رضامانوی حضرت محمد ﷺ کی سیرت پر روشنی ڈالتے ہوئےطلبا سے مخاطب تھے۔
موصوف نے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حضرت محمد ﷺ کا پیغام آفاقی اور سچا پیغام ہے، وہ صرف کسی ایک ذات، نسل، طبقہ ، تہذیب تک محدود نہیں بلکہ جغرافیائی سرحدوں سے پار کائنات کے ہر ایک کے لئے ان کا پیغام ہے۔ ہمیں اس بات کا بھی شعور ہونا چاہئے کہ ہم اپنے مذہب پر عمل کرتے ہوئے دوسروں کے مذہب کا بھی احترام کریں۔ مذہبی پیشوا ، ولی صفات انسانوں نے ہمیں انسانیت سکھانے کے لئے کوششیں کی ہیں، ان کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے انسانی پریم اپنانےکی بات کہی۔جماعت اسلامی ہند اترکنڑا ضلع کے ناظم محمد طلحہ سدی باپا نے پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ طلبا بہترین اخلاق اپنا کر اپنی اسکول ، اساتذہ اور والدین کا نام روشن کریں۔ جماعت اسلامی ہند بھٹکل کے امیر مقامی مجاہد مصطفیٰ ، مولانا سید زیر ایس ایم ، اسکول کے اساتذہ ممتا آر نائک، سی آر ہوسمنی ، سورنا انکولیکر ، پاؤسکر، ارمیلا میستا ، منجولا وغیرہ موجود تھے۔ وی جے نائک نے پروگرام کی نظامت کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔