بھٹکل :19؍ نومبر(ایس اؤ نیوز) مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے زیرا ہتمام گذشتہ ایک مہینے سے جاری ’’پیارے نبی ﷺ سب کے لئے ‘‘ مہم کا اختتامی اور انعامی اجلاس 24نومبر 2022بروز جمعرات بعدنمازِ عشاء انجمن گراؤنڈ میں منعقد ہوگا۔ اس بات کی جانکاری مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کے ذمہ داروں نے پریس کانفرنس کے ذریعے دی۔
مہم کے کنونیر محمد طلحہ سدی باپا نےبتایا کہ اختتامی اور انعامی اجلاس مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے چیف قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی کی سرپرستی میں ہوگا، مولانا مفتی سید معصوم ثاقب قاسمی، جنرل سکریٹری جمعیۃ العلماء ہند مہمان خصوصی ہونگے ۔ اجلاس میں جماعت المسلمین بھٹکل کے چیف قاضی مولانا عبدالرب خطیبی ندوی اور مولانا علی میاں اکیڈمی کے جنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس ندوی عوام الناس سے خطاب کریں گے۔ مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے صدر ایس ایم سید محی الدین اجلاس کی صدارت کریں گے اور جماعت کے سابق صدر سید حسن سقاف کے اعزاز میں تہنیت پیش کی جائے گی۔
مہم کے دوران منعقد ہونے والے نعتیہ اور مضمون نویسی مقابلہ میں اول،دوم اور سوم آنے والوں کو انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ طلحہ سدی باپا نے بتایا کہ مہم کے دوران مقابلہ جات کےعلاوہ آٹو رکشا پر چسپاں کئے گئے اللہ کےنبی ﷺ کے احادیث اور مسجد درشن کی کافی پذیرائی کی گئی، اس پر انہوں نے اللہ کا شکر ادا کیا اور کہاکہ برادران وطن کی بڑی تعداد کی شرکت باعث خیر و برکت ہے۔ پریس کانفرنس میں جماعت کے جنرل سکریٹری محمد اسماعیل جوباپو، سکریٹری مولوی انجم گنگاولی ندوی ، اراکین انتظامیہ ہاشم محتشم برنی اور سعدامیراں وغیرہ موجود تھے۔