ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل : موسلادھار بارش کے باوجود رمضان بازار میں عوام کا ہجوم؛ حفاظتی انتظامات کے تحت سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی

بھٹکل : موسلادھار بارش کے باوجود رمضان بازار میں عوام کا ہجوم؛ حفاظتی انتظامات کے تحت سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی

Tue, 28 Jun 2016 20:57:14    S.O. News Service

بھٹکل:28جون(ایس او نیوز) اگر ہم موسم باراں کے متعلق گذشتہ چار پانچ سالوں کا جائزہ لیں تو معلوم ہوتاہے کہ امسال بارش کے موسم میں ٹھنڈی کچھ زیادہ ہی ہے، دن بھر برستی بارش سے عوامی چہل پہل متاثر ضرور ہوئی ہے، لیکن برستی بارش میں بھی رمضان مارکیٹ کیچمک دمک میں کوئی کمی نہیں ہوئی ہے۔

 رمضان المبار ک ختم ہونے کو ابھی 6-7دن باقی ہیں، مین روڈ کے کنارے سیکڑوں باکڑوں کی دھوم ہے ، بلدیہ کی طرف سے قریب 75باکڑوں کی نیلامی ہوچکی ہے، اس کے علاوہ نجی دوکانوں کے سامنے کئی باکڑے ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں، خصوصی پروگراموں کے لباس، روزمرہ  کے کپڑوں ،سجاوٹ کے سامان، بچوں کے کھلونے جیسے کئی دوکانیں اور باکڑے لگائے گئے ہیں۔ تعلقہ بھر سے خاص کر خواتین سستی قیمتوں میں سامان خریدنے کے لئے امڈ آتی ہیں۔ پڑوس کے شرور، بیندور، کنداپور، ہوناور ، کمٹہ وغیرہ سے بھی کثیر تعداد میں لوگ یہاں خریداری کے لئے آتی ہیں۔ وہیں تعجب کی بات یہ ہے کہ مقامی عوام آن لائن خریداری کی طرف زیادہ توجہ کرنے سے رمضان مارکیٹ میں ان کی شرکت میں کمی دیکھی جارہی ہے۔ گرچہ یہ رمضان مارکیٹ کہلاتاہے لیکن تجارت اور خریداری کے لئے ذات پات، دھرم اور مذہب کی کوئی تفریق نہیں ہے، اگر ہم رمضان مارکیٹ کو یک جہتی یا بھائی چارگی کی مارکیٹ کہیں تو غلط نہ ہوگا۔ ممبئی ، اترپردیش جیسی دور دراز ریاستوں کےتاجر بھی یہاں ٹھکانہ ڈالے ہوئے ہیں۔ ہر دن صبح 9 بجے سے شروع ہونے والا رمضان بازار رات 1بجے تک بھی کھلے ہی رہتے ہیں۔

مارکیٹ میں چوری ، بدنظمی ، آوارگی وغیرہ کوروکنے کےلئے رمضان بازار میں امسال پہلی بارمقامی قومی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کی جانب سے 24 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں، ضلع کے مختلف مقامات سے زائد پولس فورس کو اہم مقامات پر تعینات کیا گیاہے۔ مارکیٹ میں عوامی بھیڑ اور دھکم دھکا کو دیکھتے ہوئے بھٹکل سے منڈلی جانے والی سرکاری بس کا راستہ بدل دیا گیا ہے۔ شام کے اوقات میں بائک سواروں پر بھی قد غن لگاتے ہوئے ان کے لئے راستے بدلے گئے ہیں۔ سلطانی مسجد اور ہنومنت مندر کی سڑکوں سے انہیں سہولت دی گئی ہے۔ اے ایس پی ڈاکٹر انوپ شٹی ، سی پی آئی پرشانت نایک کی قیادت میں حفاظتی اقدامات اور نگرانی کی جارہی ہے۔


Share: