بھٹکل :25؍ڈسمبر (ایس اونیوز) بھٹکل کے محکمہ زراعت ، تعلقہ زرعی سماج ، محکمہ باغبانی کے اشتراک سے تعلقہ کے کوپا ، وندلسے میں یوم کسان کی مناسبت سے منعقدہ پروگرام کا تعلقہ پنچایت ممبر وشنو دیواڑیگا نے افتتاح کیا۔
افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے وشنو دیواڑیگا نےکہاکہ کسان ملک کی اصل نبض ہے، صلہ اور ستائش کی تمنا کئے بغیر روزانہ کھیت میں کی جانے والی محنت ومشقت کی پیمائش ممکن نہیں ہے۔ گرچہ حکومتوں کی طرف سےکسانوں کے لئے کئی اسکیمیں اور منصوبے جاری کئےجاتے ہیں مگر افسوس کہ وہ اہل مستفیدین تک نہیں پہنچ پاتے۔ کوپا گرام پنچایت نائب صدر ناگیش نائک نے پروگرام کی صدارت کی۔ موظف زرعی سائنس دان ڈاکٹر سدھاکر بھٹ اور روشن خیال کسان انیل پربھاکر نے زراعت پر اپنے مقالہ جات پیش کئے۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے معاون زرعی ڈائرکٹر مدھوکر ایچ نائک، محکمہ باغبانی کی معاون ڈائرکٹر شویتا کرکی شریک تھیں۔ پروگرام میں کئی کسانوں کی تہنیت کی گئی ۔ بی ٹی ایم منصوبے کے جی ایل ہیگڈے نے استقبال کیا تو زرعی افسر جی این نائک نے نظامت کرتے ہوئے شکریہ اداکیا۔