ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل کے کتورچنما رہائشی اسکول میں16 بچوں کے بیمار پڑنے کا معاملہ: افسران نے کیا معائنہ؛ ہوسٹل میں غذا بالکل معیاری

بھٹکل کے کتورچنما رہائشی اسکول میں16 بچوں کے بیمار پڑنے کا معاملہ: افسران نے کیا معائنہ؛ ہوسٹل میں غذا بالکل معیاری

Wed, 22 Nov 2017 21:15:39    S.O. News Service

بھٹکل:23/ نومبر (ایس اؤنیوز)تعلقہ کے پرورگا میں واقع سرکاری کتورچنما رہائشی اسکول کے ہاسٹل میں  16 بچے بیمار ہوکر سرکاری اسپتال میں داخل کئے جانے کی اطلاعات کے بعد  بھٹکل تعلقہ انتظامیہ کے آفسران نے متعلقہ اسکول پہنچ کر معائنہ کیا اور خود بھی بچوں کے ساتھ  دوپہر کے کھانے میں شریک ہوئے۔ بعدمیں اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ہاسٹل میں  غذا غیر معیاری ہونے کی بات درست نہیں لگتی اور ہوسٹل میں صفائی ستھرائی کا بھی اچھا انتظام ہے، البتہ  کچھ لڑکیاں بیمار ہوئی ہیں جن کے تعلق سے تعلقہ کے ہیلتھ آفسر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بیمار ہونے کی وجوہات کا پتہ لگائیں۔

ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے اسکول پرنسپال گریش بھنڈاری نے بتایا کہ ہوسٹل میں 216 طالبات رہائش پذیر ہیں، اور جو طالبات بیمار ہوئی ہیں، سب الگ الگ وجوہات کی بناء پر اسپتال میں علاج کے لئے گئی تھیں، اُن کے مطابق کسی کو سر درد ، کسی کو پیٹ میں درد، کسی کو آنکھ میں درد اور کسی کو بخار وغیرہ کی شکایتیں تھیں، اور یہ سب غذا کے غیر معیاری ہونے کی وجہ سے بیمار نہیں ہوئی تھیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جو بچے بیمار ہوئے تھے، وہ سرکاری اسپتال سے دوائیاں لینے کے بعد واپس ہوسٹل میں آچکے ہیں اور وہ سب بالکل ٹھیک ہیں۔ 

میڈیا میں لڑکیوں کے بیمار پڑنے کی خبر شائع ہوتے ہی کاروار سے محکمہ سماجی ترقی کے ڈپٹی ڈائرکٹر پرشوتم نے بھی ہوسٹل کا دورہ کیا اور اسکول اساتذہ سے گفتگو کرنے کے ساتھ ساتھ طالبات سے بھی بات چیت کی، انہوں نے کہا کہ ہوسٹل کے کھانے کو لیباریٹری بھیجا جائے گا اور جانچ کی جائے گی۔ اگر اسکول انتظامیہ کی جانب سے کہیں کوئی غلطی ہوئی ہے تو اُس کی رپورٹ ڈپٹی کمشنر کو سونپی جائے گی اور اُسی کے مطابق کاروائی ہوگی۔

آفسران نے غذائی اشیاء، پکوان کے کمرے، پانی کا انتظام اور دیگر تمام اُمور کا جائزہ لیا اور بتایا اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ یہاں سب کچھ ٹھیک ٹھاک ہے۔اس موقع پر تعلقہ ہیلتھ آفسر ڈاکٹرمورتی بھٹ نے بتایا کہ اگر غذا غیر معیاری ہوتا اور غذا سے بچے بیمار ہوتے تو ایک ساتھ سو ڈیڑھ سو بچے بیمار ہوجاتے، لیکن یہاں 10/12 بچے ہی بیمار ہوئے ہیں تو اس کا سبب غذا نہیں ہوسکتا۔ 

ہوسٹل کا دورہ کرنے والوں میں اسسٹنٹ کمشنر ایم این منجوناتھ سمیت  آئی ایے ایس آفسر کے آنند، اسکول ترقی بورڈ کے صدر ماستی گونڈا، صدر مدرس گریش بھنڈاری، وارڈن دلشاد شیخ، روینو افسر شمبھو وغیرہ موجود تھے۔


Share: