بھٹکل:16؍فروری (ایس اؤ نیوز)بھٹکل کے سامرتھیا سودھا میں تعلقہ کےنومنتخب گرام پنچایت ممبران کے لئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا ۔ جس میں پنچایت راج محکمہ میسور کے افسر عبدالنذیر بطور نگراں کار کے فرائض انجام دیتے ہوئے ممبران کو پنچایت راج نظام کے متعلق مفصل جانکاری دی ۔
بھٹکل تعلقہ پنچایت کے آفیسر پربھاکر چکنمنے نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مرکزیت کو لامرکزیت کرتےہوئے گرام پنچایت کا نظام نافذ کیاگیا ہے۔ یہاں اقتدار کی تقسیم کاری کی گئی ہے۔ جس میں گرام پنچایت کانظام لامرکزیتی نظام کی بنیاد کے طورپر کام کرتاہے۔ اس لامرکزیت والے نظام کو مضبوط ومستحکم کرنے کے لئے ریاست بھر میں بیک وقت اہتمام کئے جارہے تربیتی ورکشاپ کا بہترا ستعمال کرنے کی پنچایت ممبران سے اپیل کی ۔ انہوں نے بتایا کہ پنچایت راج نظام میں پنچایت راج قانون، گرام سوراج قانون ،گرام پنچایتوں کی تشکیل کے متعلق ہوئی حالیہ ترمیمات ، مختلف میٹنگس، کمیٹی ، پنچایت کی کارروائی ، ممبران کے فرائض اور بجٹ کی تیاری ، وسائل کی فراہمی پر روشنی ڈالی جارہی ہے۔ ممبران کو چاہئے کہ وہ سرگرمی سے شریک ہوتے ہوئے اپنے اپنے علاقےمیں متحرک ہونے کی ضرورت ہے۔ منتخب کئے عوام کو اطمینان بخش کام کرنے کا یہ ایک اہم ذریعہ ہے۔ انہی مقاصد کو سامنے رکھتے ہوئے یہ ورکشاپ منعقد کیاگیا ہے امید ہے کہ ممبران اس سے بھرپور استفادہ کریں گے۔
منڈلی گرام پنچایت کے صدر ناگپا نائک، بینگرے گرام پنچایت کی صدر بے بی نائک نےمشترکہ طورپر ورکشاپ کا افتتاح کیا۔ ڈائس پر وسائل آفیسر ایم اے اگسر، ماروتی نائک، بھونیشوری انگول، مینجر کرشنا کانت موجود ٹھے۔ کریپا نائک نے استقبال ، نظامت اور شکریہ کے فرائض انجام دئیے۔