ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل میں لال پتھر اور ریت مسئلہ کوحل کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے ہزاروں مزدوروں کا سخت احتجاج؛ اے سی دفتر تک نکالی گئی ریلی

بھٹکل میں لال پتھر اور ریت مسئلہ کوحل کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے ہزاروں مزدوروں کا سخت احتجاج؛ اے سی دفتر تک نکالی گئی ریلی

Wed, 16 Nov 2016 19:17:39    S.O. News Service

بھٹکل:16/نومبر (ایس او نیوز) تعلقہ میں دن بدن لال پتھر ، جھلی ، ریت کے مسائل میں اضافہ ہورہاہے، اس کے برے نتائج آہستہ آہستہ  عوامی زندگی پر بھی نظر آرہے ہیں۔ ان مسائل کو فوری حل کرنے اور بھٹکل تعلقہ میں ریت کی سپلائی کو دوبارہ بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے تعلقہ کے مختلف مزدور اسوسی ایشن کی طرف سے ہزاروں مزدوروں نے متحدہ طورپر بدھ کو سڑکوں پراُتر کر احتجاج کرتے ہوئے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کے ذریعے ریاستی گورنر کے نام میمورنڈم پیش کیا۔

شہر کے چن پٹن ہنومنت مندر کے صحن میں جمع ہوئے ہزاروں مزدوراس احتجاج میں شریک ہوئے اورشمس الدین سرکل ہوتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر تک ریلی نکالی۔ اس دوران حکومت کی ریت پالیسی کو تبدیل کرنے کے متعلق نعرے لگائے گئے۔ غیر قانونی طور پر ریت سپلائی کرنے پر  مزدوروں نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ پارٹی ، ذات، دھرم کی تفریق کئے بغیر تمام طبقات کے مزدور احتجاج میں شریک نظر آئے جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں پوسٹرس تھام رکھا تھا۔ پوسٹروں کے ذریعے پیغام دیا گیا کہ مزدوروں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ جائے وقوع پر پہنچے بھٹکل تحصیلدار وی  این باڈکر نے احتجاجیوں سے میمورنڈم وصول کیا۔

مزدوروں کی طرف سے سونپے گئے میمورنڈم میں ریت مسئلہ کو حل نہ کرنےپر آئندہ دنوں میں مزید سخت جدوجہد اور احتجاج کرنے کا حکومت کو انتباہ دیا گیاہے۔ بھٹکل میں مزدوروں کی بہت بڑی تعدادہے ،ریاستی حکومت کی ریت پالیسی کی وجہ سے گذشتہ 5-6مہینوں سے ریت سپلائی بالکل نہیں ہورہی ہے، جس کے نتیجے میں تعمیراتی کام، دیگر ترقیاتی کام تقریباً رک گئے ہیں۔ لیکن پڑوس کے دکشن کنڑا اور اُڈپی ضلع میں ریت کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے، مزدوروں نے الزام لگایا کہ صرف اترکنڑا ضلع میں ہی خصوصی ریت سپلائی پالیسی کو نافذ کرتے ہوئے ریاستی حکومت دوغلی پالیسی اپنارہی ہے۔ پچھلے کئی مہینوں سے مزدوری نہ ہونے سے تعمیراتی کاموں کے مزدور کنگال ہوگئے ہیں، خاندانی اخراجات کو نبھانا دوبھر ہوگیا ہے۔ قرضہ جات میں پھنسے مزدور اپنی عزت کو باقی رکھنے کے لئے خودکشی کی راہ اپنانے کے حالات پیدا ہوگئے ہیں۔ تعلقہ میں ترقیاتی کاموں کے لئے یہ مسئلہ سدراہ بنا ہواہے، مختلف رہائشی منصوبہ جات کے تحت گھروں کی تعمیر کے لئے آگے بڑھنے والے غریبوں کو پتھراور ریت کا بہت بڑا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔ مسئلہ اسی طرح جاری رہا تو صرف مزدور ہی نہیں بلکہ تعمیراتی کاموں پر منحصر تمام افراد سڑک پر آجائیں گے۔ ریاستی گورنر سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اترکنڑا ضلع ڈی سی سے رپورٹ منگواکر مناسب رہنمائی کریں۔ بھٹکل مزدوراسوسی ایشن کے صدر شری دھرنائک ، مختلف مزدورسنگھا کے صدور و لیڈران کرشنانائک، جٹپا نائک، گنپتی نائک، ناگراج نائک، منیر ، بھاسکر موگیر، رکشایونین کے صدر وینکٹیش نائک، کنڑا رکھشنا ویدیکے کے ایشورنائک وغیرہ احتجاج میں شریک تھے۔ سی پی آئی سریش نایک کی قیادت میں پولس کا  بندوبست کیا گیا تھا۔

 


Share: