بھٹکل:22/نومبر (ایس او نیوز)26اور27نومبر کو بھٹکل میں پہلی مرتبہ ریاستی سطح کے صحافیوں کا اجلاس ، ایگزکیٹیو بورڈ کی طرف سے ’’بھٹاّ کلنکا‘‘ ایوارڈ ااور ملکی حالات میں صحافیوں کے رول پر مذاکرے وغیرہ کو منعقد کرنے کے لئے پوری تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔ اس بات کی اطلاع بھٹکل جرنلسٹ اسوسی ایشن کے صدر وشنو دیواڑیگا نے دی۔
اجلاس کے متعلق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 26 نومبر کی صبح 10بجے کملاوتی رام ناتھ شانبھاگ ہال میں ریاستی کابینہ کے بڑی اور متوسط صنعت کاری اور ضلع نگراں کار وزیر آر وی دیش پانڈے اجلاس کا افتتاح کریں گے۔ وزیر برائے غذا سپلائی یوٹی قادر ممبران کی تفصیلات پر مشتمل فولڈر کا اجراء کریں گے ۔ اسی طرح صحافت کے میدان میں بے لوث خدمات انجام دینے والے بھٹکل کے ساحل آن لائن کے مینجنگ ایڈیٹر عنایت اللہ گوائی اور کنڑا پربھا کے ضلعی رپورٹر وسنت کمار کتگال کو ’’ بھٹا کلنکا‘‘ نامی ایوارڈ سے مقامی رکن اسمبلی منکال وئیدیا کے ہاتھوں نوازا جائے گا۔ کرناٹکاجرنالسٹ اسوسی ایشن کے ریاستی صدر مرگیش شیو پوجی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ دوروزہ صحافیوں کے اجلاس میں وزیراعلیٰ کے میڈیا صلاح کار دنیش امین مٹو، میڈیا اکیڈمی کے صدر سدراجو، ضلع کے یکشگانا فن کار چٹانی رام چندر ہیگڈے ، ریاستی خواتین بورڈ کی صدر ناگ لکشمی بائی ، ضلع روزنامہ مدیران سنگھا کے ریاستی صدر منجوناتھ خصوصی مدعوین کے طورپر شریک ہونگے تو مہمان خصوصی کے طورپر ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر، بزرگ صحافی بنڈو کلکرنی ، پربھات شنئی شریک ہونگے۔ انڈین جرنلسٹ اسوسی ایشن دہلی کے قومی نائب صدر ونود روہلی اور سابق صدر سریش اکوری اعزازی مہمان کے طورپر موجود رہیں گے۔ شام 20-04 کو کنڑا کے مشہور ادیب ڈاکٹر ضمیر اللہ شریف کی صدارت میں مذاکرہ کا انعقاد ہوگا۔ جنتاپی یو کالج کے پرنسپال اے بی رام رتھ، ادیب پی آر نائک، کنڑا ساہتیہ پریشد کے صدر گنگادھر نائک ،بھٹکل کی تاریخ ، تہذیب اور عوامی زند گی پر روشنی ڈالیں گے۔ شام 6 بجے امیش منڈلی بلگا کی طرف سے گیتوں کا پروگرام اور رات 7بجے زھینکار ملیوڈیس کی طرف سے موسیقی کا پروگرام ہوگا۔ 27نومبر کی صبح 10بجے ضلع کے بزرگ صحافیوں ، اخبارات کے مدیران، سماجی کارکنان، اخباری ایجنٹ حضرات کی تہنیت کی جائے گی۔ اس کے بعد ودھان پریشد کے رکن ایس ایل گھوٹنیکر ، ماہی گیر بورڈ کے صدر راجیند رنائک، سابق وزیر جئے پرکاش ہیگڈے ، سابق ساحلی بورڈ صدر نویدیت آلوا، سابق رکن اسمبلی جے ڈی نائک، مجلس اصلاح وتنظیم کے صدر مزمل قاضیا، آئی ایف ایس افسر کرشنا اُودپوڑی ، بی جے پی صدر راجیش نائک، جے ڈی ایس صدرعنایت اللہ شاہ بندری ، ضلع رپورٹرس سنگھا کے صدر ٹی بی ہری کانت ، اشوک ہاسیگار وغیرہ شریک ہوں گے ۔ پریس کانفرنس میں سنگھا کے جنرل سکریٹری من موہن نائک، خازن جاوید احمد، ممبران شنکر نائک، وسنت دیواڑیگا، یحییٰ ہلارے ، این ڈی شانبھاگ وغیرہ موجود تھے۔