ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل میں تنظیم کے زیر اہتمام21 ڈسمبر کوہوگا’’ تحفظ شریعت ‘‘ کا عظیم الشان جلسہ

بھٹکل میں تنظیم کے زیر اہتمام21 ڈسمبر کوہوگا’’ تحفظ شریعت ‘‘ کا عظیم الشان جلسہ

Sat, 17 Dec 2016 19:30:54    S.O. News Service

بھٹکل:17/ڈسمبر  (ایس او نیوز) مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے زیر اہتمام 21ڈسمبر کو بھٹکل جامعہ اسلامیہ کےوسیع وعریض میدان میں تحفظ شریعت کا عظیم الشان جلسہ منعقد کیا جارہا ہے جس میں پورے ساحلی کینرا بالخصوص مینگلور سے لے کر گوا تک کی مسلم جماعتوں اور اداروں کے نمائندوں سمیت ہزاروں کی تعداد میں عوام شرکت کریں گے۔ پروگرام بدھ کی شب 8:30 بجے شروع ہوگا۔ اس بات کی جانکاری تنظیم کے عہدیداران و ذمہ داران نے آج پریس کانفرنس کے ذریعے دی۔ تنظیم ہال میں منعقدہ پریس کانفرنس سے گفتگو کرتےہوئے پروگرام کے کنوینر مولوی عبدالعلیم قاسمی  نے بتایا کہ  مسلم پرسنل لاء بورڈ پر نشانہ تان کر لاء کمیشن کے ذریعے یکساں سول کوڈ کے لئے راستہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جب کہ یکساں سول کوڈ کا کوئی خاکہ ابھی تک حکومت کی طرف سے کہیں بھی کسی بھی سطح پر پیش نہیں کیا گیا ہے۔ یکساں سول کوڈ صرف مسلمانوں کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ ملک کے تمام طبقات ، برادریوں اور قبائل کا مسئلہ ہے، جن کے پاس اُن کے خود کے پرسنل لاء موجود ہیں۔ ان سب کے باوجود مسلم پرسنل لاء پر چھری چلانے کا منصوبہ بناکر معاملہ کو سپریم کورٹ تک لےجایا گیا ہے ، جہاں پوری ملت اسلامیہ ہند متحد ہوکر مسلم پرسنل لاء بورڈ کے بینر تلے قانونی جنگ لڑرہی ہے۔

پریس کانفرنس میں پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ  پورے ملک کے مسلمان تحفظ شریعت اور مسلم پرسنل لاء بورڈ کی حمایت میں صف بند ہوگئے ہیں، اور اپنی آواز سرکار اور عدلیہ تک پہنچانے کے لئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ اسی سلسلے کی کڑی کے طورپر مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے تحت 21ڈسمبر کی شب 30-08بجے جامعہ اسلامیہ کے احاطے میں ایک عظیم الشان جلسہ بعنوان تحفظ شریعت منعقد کیاجارہا ہے، جس میں ہرمکتبہ فکر کے علماء، دانشور حضرات  کے علاوہ گوا سے لے کر منگلورو تک کی مسلم جماعتوں اور اداروں کے نمائندے اور عوام ہزاروں کی تعداد میں شرکت کریں گے۔ مسلم پرسنل لاء بورڈ کے اعلیٰ مرکزی قائدین ، بورڈ کے صدر حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی ، جنرل سکریٹری مولانا ولی رحمانی ، مولانا واضح رشید ندوی ، مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی، مولانا سید سلمان ندوی ، جناب سعادت اللہ حسینی ، جناب کاکا سعید، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ، مولانا توقیر رضا خان، مولانا خالد ندوی غازیپوری ، مولانا بلال  عبدالحئی اور مولانا تنویر ہاشمی جلسہ میں اہم خطاب کریں گے۔

پریس ریلیز کے مطابق ملکی دستور میں درج شدہ حقوق کو پیش کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ ہمارے ملک ہندوستان کے دستور میں جس طرح تمام باشندوں کو اپنے اپنے  دین و دھرم پر عمل کرنے کی آزادی حاصل ہے اسی بنیاد پر ذاتی زندگی میں مختلف پرسنل لاء کو متعلقہ قوم یا طبقے کے قانونی حیثیت حاصل ہے۔ یہی کیفیت مسلم پرسنل لاء کی بھی ہے جو قرآن و سنت کی بنیاد پر قائم مسلمانوں کے عائلی قوانین کا مجموعہ ہے۔ ایک مسلمان کے ایمان کی بنیاد ہی اس یقین پر قائم ہے کہ اس کاجینا اور مرنا صرف اور صرف اللہ کے لئے ہے  اور وہ اپنے ہر عمل میں اللہ کے حکم کا تابعدار ہے ۔ اسی لئے مسلمانوں کے لئے اپنی ذاتی زندگی کے مسائل میں شرعی قوانین پر عمل کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ لیکن سچائی یہ بھی ہے کہ ہمارے ملک میں یکساں سول کوڈ یامسلم خواتین پر زیادتی کے نام پر وقفے وقفے سے مسلم پرسنل لاء میں مداخلت کی کوشش سرکاری سطح پر یا عدالتوں کی طرف سے کی جاتی ہے جو کسی بھی قیمت پر مسلمانوں کے لئے قابل قبول نہیں ہے۔ اس وقت پھر ایک بار طلاق اور مسلم خواتین پر ظلم و زیادتی کے نام پر معاملے کو سپریم کورٹ تک پہنچایا گیا ہے۔  اسی لئے پورے ملک میں مسلمانوں کی طرف سے تحفظ شریعت کے نام پر بڑے بڑے جلسے ہورہے ہیں۔ مسلم پرسنل لاء بورڈ کی بنیاد اسلامی شریعت پر ہے اس لئے مسلمان کسی بھی قیمت پر اس سے دست بردار نہیں ہوسکتے۔ ہماری شادی ، بیاہ ، طلاق اور وراثت وغیرہ جیسے قوانین ہماری اپنی قوم کے لئے ہیں اور اس میں مداخلت کرنا یا کسی اور کی مرضی اور منشاء کے مطابق اس میں ترمیم و تنسیخ کرنا نہ کبھی ممکن ہے اور نہ ہمیں منظور ہے۔ہمارا مقصد صرف اور صرف یہ ہے کہ ہمیں اپنے دین کے مطابق زندگی گزارنے کی آزادی جو دستور ہند میں دی گئی ہےاس کو سلب کرنےکی کوشش نہ کیجائے اور کسی بھی دوسری طاقت کی مداخلت سے ہماری شریعت کا تحفظ کیا جائے۔ پریس کانفرنس میں تنظیم کے جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری،  پروگرام کے میڈیا کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر محمد حنیف شباب تنظیم، تنظیم نائب صدر محمد جعفر محتشم برنی،مولویعبدالرقیب ایم جے ندوی اور صدیق ڈی ایف وغیرہ موجود تھے۔


Share: