بھٹکل:21/اپریل(ایس اؤنیوز)بھٹکل انٹر فٹ بال اسوسی ایشن (بیفا)کے زیر اہتمام سہ روزہ ریاستی سطح کے فٹ بال ٹورنامنٹ کا آج جمعہ کی شام صنعت کار عزیز الرحمن برماور کے ہاتھوں افتتاح کیا گیا۔
بیفاکے ریاستی سطح کے اس ٹورنامنٹ میں ریاست کے مختلف مقامات کی کل 20ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جس میں بنگلور، باگل کوٹ، منڈگوڈ، کاروار، اُڈپی اور بیلگام کی ٹیمیں اہم ہیں۔ اتوار کو ٹورنامنٹ کا فائنل میچ ہوگا اور ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو 33,333 روپیہ مع ٹرافی سے نوازا جائے گا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وینکٹیش پٹگار نے تعلیم کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو کھیلوں میں بھی شریک ہونے کو ضروری قرار دیا اور کہا کہ اسپورٹس کے ذریعے ہی نوجوان ایک دوسرے کے قریب آسکتے ہیں ، محبت اور بھائی چارگی میں اضافہ ہوسکتا ہے ، انہوں نے کہا کہ آج کل انٹرنیٹ اور موبائل آنے کے بعد بچے اور نوجوان اپنا پورا وقت موبائل پر ہی برباد کررہے ہیں، انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے صحت بھی متاثر ہورہی ہے اور لوگ ایک دوسرے سے انجان بنتے جارہے ہیں۔ انہوں نے بیفا کے ذمہ داران کی سراہنا کی کہ وہ نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر لاکر اُنہیں دنیا کا سب سے زیادہ معروف کھیل فٹ بال سے متعارف کرارہے ہیں اور اب ریاستی سطح کا ٹورنامنٹ بھی منعقد کرتے ہوئے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کیا ہے۔
اس موقع پر بنگلور سے تشریف فرما اپنے دور میں اتھیلیٹ کی دنیا میں نام کمانے والے مدثر ائیکری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کل جدھر دیکھو، ہر طرف نوجوان کرکٹ کے پیچھے نظر آتے ہیں، انہوں نے بیفا کے ذمہ داران کی سراہنا کی کہ انہوں نے بھٹکل میں فٹ بال کی شروعات کی اور اُن کی اچھی تربیت کرتے ہوئے نوجوانوں کو فٹ بال کھیل کی طرف بھی راغب کرایا۔
بیفا کے سکریٹری معاویہ محتشم نے استقبال کیاتو آحد محتشم نے نظامت کے فرائض ادا کرتے ہوئے شکریہ اداکیا۔ بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے سابق جنرل سکریٹری مولانا ایس ایم عرفان ندوی نے پروگرام کی صدارت کی۔ اسٹیج پر جے ڈی ایس لیڈر عنایت اللہ شاہ بندری سمیت ، صنعت کار امان اللہ و دیگر لوگ بھی موجود تھے۔