بھٹکل :30/اکتوبر(ایس او نیوز) مسلمانوں کے اعلیٰ اور با صلاحیت نوجوانوں کو تعلیمی سطح پر آگے لانے اور انہیں مختلف مسابقاتی کورسوں کے لئے قابل بنانے کے لئے شہر کے آزاد نگر فرینڈس اسوسی ایشن بھٹکل (انفا) کے زیر اہتمام آج 30اکتوبر بروز اتوار صبح 10 بجے الحاج محی الدین منیری ؒہال میں آئی اے ایس، آئی پی ایس ، آئی ایف ایس ،آئی آر ایس جیسے سول کورسس پر تفصیلی روشنی ڈالنے کے لئے ’’ اورینٹیشن پروگرام اِن سول سرویسس‘‘پروگرام کا انعقاد کیا گیا
پروگرام میں ماحول کی نسبت سے طلبا و نوجوانوں کو ان کے مقام سے انہیں آگہی دیتے ہوئے منزل بہ منزل سمت بندی کے گُر سکھانے اور اس کے ذریعہ ان میں بہتر تبدیلی لانے کی طرف توجہ دلائی گئی۔ اس موقع پرانفا کے عمران لنکا نے بتایا کہ ملک وملت کو کارآمد و ایماندار افسران مہیا کرنے کے مقصد کو لے کر یہ تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا ہے۔ پروگرام میں کامئیر ، ائیس سول سروسس اکیڈمی کے صدر اڈوکیٹ سعدالدین صالح بطور مہمان خصوصی شریک تھے، جنہوں نے پروگرام میں شریک نوجوانوں کو کافی معلومات فراہم کی۔ اسی طرح انجمن اے آئی ٹی ایم کے پرنسپال ڈاکٹر مشتاق احمد بھاوی کٹی اور ائیس اکیڈمی کے ڈائرکٹر نذیر احمد نےاعزازی مہمان کی حیثیت سے شریک ہوتے ہوئے طلبا و نوجوانوں سے آئی اے ایس، آئی پی ایس اور دیگر سیول سروس امتحانات میں شریک ہونے کے تعلق سے معلومات فراہم کی اور اُنہیں اس سمت آنے کی طرف توجہ دلائی۔
انفا کے صدر مولانا محمد الیاس جاکٹی ندوی نے پروگرا م کی صدارت کی ۔