ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل میونسپالٹی کی عام میٹنگ : ممبران کا سی سی ٹی وی کیمروں کی درستی کا مطالبہ

بھٹکل میونسپالٹی کی عام میٹنگ : ممبران کا سی سی ٹی وی کیمروں کی درستی کا مطالبہ

Fri, 07 Oct 2022 20:57:01    S.O. News Service

بھٹکل:7؍ اکتوبر(ایس اؤ نیوز)بھٹکل میونسپل کونسل کا عام اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا جس میں میونسپالٹی حدود میں نئے سی سی ٹی وی کیمروں کی نصب کاری پر سخت اعتراض جتاتےہوئےمیونسپالٹی ممبران نے مطالبہ کیا کہ شہر میں پہلے سے

نصب کردہ سی سی ٹی وی کیمروں کی ہی مرمت کی جائے اور ان کیمروں کو ہی درست کرکے  لگائےجائیں۔

میونسپل کونسلر کرشنانند پائی اور نائب صدر قیصر محتشم نے اپنی بات رکھتےہوئےکہاکہ اس سے قبل میونسپالٹی کی جانب سے 28 لاکھ روپئے خرچ کرتےہوئے کیمرے نصب کئے گئے تھے لیکن ان کی ٹھیک طرح سے نگرانی نہ ہونے کی وجہ سے کیمرے بند ہوگئےہیں اب اور نئےکیمرے نصب کئے جائیں گے تو ان کی حالت بھی ویسی ہی ہوگی۔ ممبر شری کانت نائک نے کہاکہ سی سی ٹی وی کیمرے لگائےجائیں گے تو پولس سےزیادہ ہمیں ہی سہولت ہوگی اور جرم کا پتہ لگانےمیں معاون ہونگے اچھے کاموں کےلئے ہمیں تعاون دینا چاہئے ۔ اس پر سبھی ممبران نےکہاکہ تو ٹھیک ہے پہلے جتنےکیمرے لگائےگئےہیں ان سب کی درستی کے متعلق کارروائی ہو۔

چیف آفیسر ایم کے سریش نے وضاحت کرتےہوئےکہاکہ ضلع کے دیگر مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی میونسپالٹی ہی کررہی ہےتو یہاں بھی مونسپالٹی کی جانب سے ہی نگرانی کی جانی چاہیے۔ میونسپالٹی صدر پرویز قاسمجی نے اس کی منظوری دیتےہوئے پرانے کیمروں کی درستی کےلئے قدم اٹھانے کی بات کہی۔

میٹنگ میں کونسلر شری کانت نائک نے مرغیوں کے کچرے کی نکاسی کا معاملہ اٹھاتے ہوئےکہاکہ  ایک شخص  نے مرغیوں کے کچرے کی مفت نکاسی کی درخواست دی تھی لیکن میونسپالٹی کی جانب سے ابھی تک اس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

میونسپالٹی کی طرف سے مرغیوں کے کچرےکی نکاسی کرنےوالی کمپنی کو 50ہزارروپئے دئیے جارہے ہیں اور اس کے ساتھ ہمارے دو اسٹاف بھی کام کرتےہیں ۔ اب جب کہ یہی کام مفت میں انجام دینےکی درخواست دی گئی ہے تو پھر کیوں پس و پیش کیا جارہاہے۔ کیا اس سے میونسپالٹی کو فائدہ نہیں ہوگا۔

صدر قاسمجی پرویز نے وضاحت دی کہ اس تعلق سےہم نےاخبارات میں اعلامیہ  شائع کرواتے ہوئے  عرضیاں داخل کرنے کہا تھا تو صرف ایک فرد نے درخواست دی ہے۔ انہوں نے کہا چند شرائط کے ساتھ اسے یہ موقع دیا جائے گا۔ اسٹریٹ لائٹ، سڑک پر پھیلی درختوں کی شاخوں کو کاٹنے ، سیلاب سےنقصان ہوئیں اندرونی نالیوں اور سڑک مرمت و درستی پر ممبران نے بحث کرتے ہوئےفنڈ جاری کرنےکا مطالبہ کیا۔ نائب صدر قیصر محتشم، اسٹانڈنگ کمیٹی چیرمن امشاد مختصر، منصوبہ جات افسر گوپال شاستری وغیرہ موجود تھے۔  


Share: