ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل سمیت اترکنڑا میں لاک ڈاؤن جاری، کاروار میں ڈپٹی کمشنر نے کہا؛ چار مہینوں تک غیر ضروری عوامی چہل پہل رہے گی بند

بھٹکل سمیت اترکنڑا میں لاک ڈاؤن جاری، کاروار میں ڈپٹی کمشنر نے کہا؛ چار مہینوں تک غیر ضروری عوامی چہل پہل رہے گی بند

Mon, 20 Apr 2020 13:29:37    S.O. News Service

کاروار:20؍اپریل(ایس اؤ نیوز) بھٹکل سمیت ضلع اترکنڑا میں 3مئی کے  بعد بھی   لاک ڈاؤن جاری رہے گا  اور اگلے چار مہینوں تک  غیر ضروری چہل پہل بند رہے گی، اس بات کی اطلاع  اترکنڑا ضلع ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے دی ہے۔ کاروار میں اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی نے بتایا کہ اس مدت میں اگر  کوئی غیر ضروری طور پر باہر نکلے گا تو اس پر کارروائی کی جائے گی۔ ضروری غذائی اجناس ،ترکاری، مچھلی وغیرہ جس طرح اس وقت گھر گھر پہنچائی جارہی ہے اسی طریقے کو آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

ڈی سی نے بتایا کہ کل 21/ اپریل سے  زرعی سرگرمیوں کو موقع دیا جائے گا۔ کسانوں کو سبز کارڈ تقسیم کئے جائیں گے۔ کارخانوں کو شروع کرنے کی منظوری دی جائے گی، مگر روزانہ مزدورں کی صحت کی جانچ ضروری ہے۔ جس کی رپورٹ ضلع انتظامیہ کو ارسال کرنی ہوگی۔

ڈی سی نے بتایا کہ سول کاموں کو انجام دیاجاسکتاہے، مگر کاموں کے ٹھیکدار یا مالکان کو تھرمل اسکیانر خریدنے ہونگے تاکہ وہ روزانہ اپنے مزدوروں کی جانچ کرسکیں۔ مزدوروں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ نہیں لے جاسکتے ، جہاں کام جاری کرنا ہے، مزدوروں کو  وہیں پر رہنا ہوگا۔ جسمانی دوری ہرحال میں قائم رکھنی ہوگی۔ اگر ان اصولوں کی پابندی نہیں ہوتی ہے تو پھر کسی بھی سرگرمی کو انجام دینے کی منظوری نہیں دی جائے گی۔

ڈی سی نے بتایاکہ 3مئی کے بعد زونل کنٹونمنٹ کی تشکیل زیر غور ہے ، لاک ڈاؤن میں ڈھیل دئیے جانے کے بعد اگر پھر کسی میں کرونا وائرس کا پتہ چلا تو پھر اس علاقے کو کنٹونمنٹ کردیا جائے گا۔ جس مقام پر کورونا پوزیٹو کا معاملہ پیش آئے گا اس کے تین کلو میٹر اطراف کے پورے  علاقہ کو کنٹونمنٹ میں شامل کردیا جائے گا۔

ڈی سی مزیدبتایا کہ ضلع کی سرحدوں پر سرکاری احکامات کے مطابق عمل آوری ہوگی۔ مگر جس طرح انتخابات کے دوران میں چکنگ ہوتی ہے تو اسی طرح ضلع میں داخل ہونے اور باہر جانے والوں کی چکنگ ہوگی۔ اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں پر اگر کوئی معاملہ پہلے سے درج ہے تو ان پر راؤڈی شیٹر کا کیس درج کیا جائے گا۔ ضلع سے باہر جانے والوں  اور ضلع کے اندر داخل ہونے  والوں کو  صحت عامہ کے عملے یا مقامی انتظامیہ افسر کو اطلاع دینی ہوگی۔

آئندہ ہفتہ میں دودن صحت عامہ کے ورکر گھر گھر پہنچ کر سروے کریں گے ۔اسی کے ساتھ سماجی رپورٹ (کمیونٹی رپورٹ) شروع کی جائے گی۔ عوام میں بخار سمیت دیگر علامات ظاہرہوتی ہیں تو صبح 10سے پہلے جانکاری دینی ہوگی ۔ ایسے لوگوں کا تھوک کا نمونہ شام 4بجے سے پہلے لیباریٹری کو جانچ کے لئے بھیجا جائے گا۔ دوسرے ہی دن رپورٹ ملے گی۔ تین چار مہینوں تک یہ طریقہ کار جاری رہے گا۔ دیہاتوں میں نگراں کمیٹیوں کی تشکیل کی جائے گی۔

بھٹکل کی حاملہ خاتون کی رپورٹ نیگیٹیو:  اس دوران  اُڈپی سے خبر موصول ہوئی ہے کہ بھٹکل کی جس حاملہ خاتون کو کورونا پوزیٹیو آنے پر اُڈپی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، آج پیر کو اس کی پہلی رپورٹ نیگیٹو آئی ہے۔

خاتون کے تعلق سے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے بتایا کہ بھٹکل کی حاملہ عورت صحت یاب ہوچکی ہیں۔ لیکن ان کادیگر علاج بھی جاری ہے۔ اگلے تین چار دنوں میں انہیں اسپتال سے دسچارج کرنے کا امکان ہے۔ کاروار کے آئی این ایچ ایس پتنجلی میں متاثرہ کا شوہر بھی روبہ صحت ہے، 27 اپریل کو اس کے تھوک کانمونہ دوبارہ  جانچ کے لئے بھیجا جائے گا۔ نگیٹو رپورٹ ملتی ہے تو انہیں اسپتال سے ڈسچارج کیا جاسکتا ہے۔

کاروار میں بھی کورونا  لیباریٹری: حکومت نے ضلع اُترکنڑا  میں بھی کووڈ-19جانچ کرنے کی لیباریٹری کی شروعات کے لئے منظوری دی ہے۔اور کاروار کے طبی سائنس مرکزادارے میں لیباریٹری اپنا کام شروع کرے گی۔ جس کے لئے سول کام جاری ہیں ، جس کے بعد ضروری مشین اور اشیاء منگوائی جائے گی۔


Share: