بھٹکل 2؍جولائی (یس او نیوز)بھٹکل تعلقہ ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے ’یومِ صحافت‘منعقد کیا گیا جس کے دوران بہترین سماجی خدمات کے لئے بندرروڈ پر واقع معذور بچوں کے سنیہا اسکول کی ہیڈمسٹریس مالتی ادیاور کی تہنیت کی گئی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے محترمہ مالتی ادیاور نے کہا کہ انہوں نے بہت ہی مشکلات کا سامنا کیا ہے۔مگر بہت سارے مواقع پر کئی لوگوں نے آگے بڑھ کر میری مشکلات حل کی ہیں، جنہیں میں بھلا نہیں سکتی۔مجھے تمام مشکلات اور مصائب کے وقت بھی ہمیشہ معذور بچوں کی فکر لگی رہتی تھی۔ 1997میں سنیہا اسکول قائم کیا گیا تھاجس کے ذریعے معذور بچوں کو گھروں میں پڑے رہنے کے بجائے ان کے لئے ایک اسکول ہونے کا احساس جگایا گیا تھااور ایسے بچوں کو اسکول میں آنے کا موقع فراہم کیاگیا تھا۔
مہمان خصوصی کی حیثیت سے اس پروگرام میں شامل بی جے پی مہیلا مورچہ کی ذمہ دار شیوانی شانتارام نے بھٹکل تعلقہ ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن نے گزشتہ سال جو سلور جوبلی منائی تھی اس کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ سنیہا اسکول میں معذوربچوں کو ایک جگہ جمع ہوکر اپنی کمی اور معذوری کو بھولنے کا جو موقع فراہم کیا جارہا ہے اسے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ انہوں نے مالتی ادیاور کی ستایش کرتے ہوئے کہا کہ ان بچوں کی زندگی میں خوشیاں بھرنے کا انہوں نے جو کام کیا ہے یقیناًوہ لائق ستائش ہے۔
پروگرام کی صدارت جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدررادھا کرشن بھٹ نے کی۔ سکریٹری بھاسکر نائک نے نظامت کی، نائب صدر محمد رضا مانوی نے کلمہ تشکر پیش کیا۔ ضلعی کمیٹی کے سکریٹری راگھویندرا ہیبار، اراکین محمد فیاض مُلا، عنایت اللہ گوائی، محمد رضوان گنگاولی، عتیق الرحمن شاہ بندری، سہیل مُلا، پرسنا بھٹ، منجونائک، اُودے نائک، محمد نیّر وغیرہ موجود تھے۔