بھٹکل:25جون(ایس او نیوز) ہر سال کی طرح امسال بھی رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مین روڈ کے کنارے لگائے جانے والے عارضی رمضان باکڑوں کی نیلامی کی کارروائی بھٹکل بلدیہ میں ہوئی ۔ اسٹانڈنگ کمیٹی کے چیرمن محمد صادق مٹا نے نیلامی کی کارروائی کو انجام دیا۔ 75سے زائد باکڑوں کی نیلامی قرعہ اندازی کے ذریعے انجام دی گئی جس کے لئے قریب 900 لوگوں نے عرضیاں دی تھیں
بلدیہ کی طرف سے رمضان المبارک کے موقع پر مین روڈ کے دونوں کناروں پر دوکانداروں کو عارضی طورپر باکڑا لگانے کے لئے نشاندہی کرتے ہوئے انہیں تجارت کا موقع فراہم کیا جاتاہے۔ عام طورپر آخری عشرے میں ان باکڑوں کے ذریعے کروڑوں کی تجارت ہونے کی بات کہی جاتی ہے۔ عید کے اعلان ہونے تک یہ باکڑے کھلے رہتے ہیں، جہاں کچھ مقامی اور چند ایک باہر کے تاجر اس موقع سے اپنی کمائی کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ متعلقہ عارضی باکڑوں کی نصب کاری تو رمضان کی مناسبت سے ہوتی ہے لیکن مسلمانوں کے ساتھ ساتھ ہندوؤ ں کی بھی کثیر تعداد ان باکڑوں سے خریداری کرتی ہے۔
نیلامی کے موقع پر بلدیہ ممبران عبدالرؤوف نائطے ، کرشنانند پائی ، وینکٹیش نائک، کارگزار چیف آفیسر وینکٹیش ناؤڑاور بلدیہ کے دیگر افسران موجود تھے۔