بنگلورو:21؍فروری (ایس اؤ نیوز) لنگائیت پنچم سالی طبقے کو 2اے گروپ میں شامل کرکے ریزرویشن کی مانگ لےکراحتجاج کے متعلق ریاستی حکومت کی طرف سے کی گئی سبھی کوششیں ناکام ہونے پر احتجاج کی قیادت کررہے جئے مرتیونجیا سوامی جی کی ہی قیادت میں 4 مارچ کو بنگلورو کے فریڈم پارک میں دھرنا دئیے جانے کا پنچم سالی سوامیوں نے اعلان کیا۔
بنگلورو کے شاہی میدان میں منعقدہ اختتامی اجلاس میں پنچم سالی طبقے نے 2اے ریزرویشن کی ضد پر اڑے رہے۔ لیکن ریاستی حکومت طبقے اور سوامیوں کی بات ماننے سے قطعی انکار کیا تو سماویش میں شریک ہزاروں لوگوں نے سوامی جی کے ساتھ ودھان سودھا کی طرف پیدل یاترا شروع کی۔ ابتداء میں کہاگیا کہ ودھان سودھا کا گھیراؤ کیا جائے گا، لیکن پولس کمشنر کمل پنتھ نے انہیں سمجھایا تو فریڈم پارک میں دھرنا دینےکافیصلہ لیاگیا۔
یڈیورپا جی کرسی خالی کریں :لنگائیت پنچم سالی ریزرویشن کے اختتامی اجلاس میں بی جے پی کے رکن اسمبلی بسن گوڈا پاٹل یتنال نے اپنی ہی پارٹی کے وزیر اعلیٰ یڈیورپا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ یڈیورپا جی اپنا ناٹک بند کریں۔ نوٹس دے کر میرا منہ بند نہیں کرسکتے۔ ہمیں ریزویشن دیں یا پھر اپنی کرسی خالی کرنے کا کھلے عام انتباہ دیا۔ اپنی فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی کے مشہور بسن گوڈا پاٹل یتنال نے کہاکہ فی الوقت ہم ودھان سودھا کی تیسری منزل پر نہیں ہیں ، تھوڑے دن انتظار کیجئےہم وہاں پہنچیں گےاور ہمارا بھی وقت آئے گا اس کے بعد ہم 2اے کی ریزرویشن دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں ہماری ہی پارٹی کی حکومت ہے۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ یتنال کو ڈرانے کی بات کریں گے تو بہت جلد آپ کو اپنی کرسی خالی کرنی ہوگی۔ میں بھی اسی پارٹی کارکن اسمبلی ہوں، ہم یہاں میمورنڈم دینے نہیں بلکہ اپنا ریزرویشن لےکر جانےکے لئے آئے ہیں۔ انہوں نے ڈائس پر موجود ریاست کے دو وزراء سی سی پاٹل اور مرگیش نیرانی سے کہاکہ ہم 4مارچ سے دھرنا دے رہےہیں، 4مارچ کو بجٹ کا اجلاس شروع ہورہاہے۔ اس وقت ودھان سودھا میں ہی کھڑے ہوکر ریزرویشن کے متعلق بات کرونگا۔ وہیں پر وزیر اعلیٰ کو جواب دیناپڑیگا۔ اگر وہ جواب نہیں دیں گے تو تم دونوں کو استعفیٰ دینا ہوگا۔ چھوٹے موٹے عہدے دے کر ہمیں مطمئن کرنےکی کوشش کی جارہی ہے۔ اجلاس ختم ہونے سےپہلے ریزرویشن اور دونوں وزراء کو اہم وزراتیں دینے کے متعلق اعلان کرنےکا وزیرا علیٰ کو متنبہ کیا۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ کی رہائش ، ودھان سودھا اور اطراف کے علاقوں میں زبردست پولس سکیورٹی کا انتظام کیاگیا تھا۔ احتیاط کے طورپر ودھان سودھا، کمار کرپاروڈ، بنگلوروبلاری روڈ،ائیر پورٹ روڈ کے ٹرافک نظام میں پولس نے تبدیلی کی تھی۔ جس سے سواریوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔