ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بنگلورو میں دلت تنظیموں کا ہزاروں لوگوں کے ساتھ بڑے پیمانے پر احتجاج : امبیڈکر کی ہتک کرنےو الے جج کو برخاست کرنےکا مطالبہ

بنگلورو میں دلت تنظیموں کا ہزاروں لوگوں کے ساتھ بڑے پیمانے پر احتجاج : امبیڈکر کی ہتک کرنےو الے جج کو برخاست کرنےکا مطالبہ

Sun, 20 Feb 2022 20:39:51    S.O. News Service

بنگلورو:20؍ فروری (ایس اؤ نیوز) رائچور میں یوم جمہوریہ کے موقع پر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی تصویر کی ہتک کرنےوالے ضلع منصف ملیکارجن گوڈا کو ملازمت سےبرخاست کرنے کا مطالبہ لےکر شہر میں بہت بڑے پیمانے پر دلت تنظیموں نے سمیودھان سنورکشھنا ا وکوٹا کی قیادت میں احتجاجی ریلی کااہتمام کیا۔

سنودھان سنورکشھنا مہا اوکوٹا کی قیادت میں منعقد احتجاجی ریلی میں ہزاروں  لوگوں کی شرکت رہی ۔’ ودھان سودھا۔ ہائی کورٹ چلو‘کےموضوع پر کی گئی احتجاجی ریلی میں شرکت کےلئے ریاست بھر کے مختلف اضلاع سے سیکڑوں  پسماندہ طبقات کے لوگ بنگلورو پہنچے ہوئے تھے۔ شہر کے کرانتی ویر سنگولی رائینا ریلوے اسٹیشن پر جمع ہوکر احتجاجیوں نے  ریلی کی شروعات ہوئی۔سنگولی رائینا فلائی اوور سے ہوتے ہوئے ودھان سودھا اور ہائی کورٹ کی طرف ریلی نکلی ۔ ریلی میں فلک بوس نگاروں کی صد ا گونج رہی تھی تو جدھر دیکھو ادھر نیلے رنگ کے جھنڈے لہرا رہے تھے۔ نیلی رنگ کی شال پہنے احتجاجی ریلی میں بیانر اورپلے کارڈ تھامے نعرے  لگارہے تھے۔

پولس نے احتجاجیوں کو فریڈم پارک کے قریب روک لیا۔ آپسی دھکم دھکا بھی ہوئی۔ اور وہیں عوامی سبھا کے ساتھ احتجاج جاری رہا۔ احتجاجیوں نے کہاکہ ہمارا دستور  ملک کے ہرایک شہری کو جوڑتاہے آپس میں  ایکتا پیدا کرکے ہم سب بھارتی ہونے کا تشخص کا احساس دلاتاہے۔ اس طرح کے ایک مثالی دستور کی تشکیل میں اپنااہم کردار ادا کرنے والے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا ہرایک کو احترام کرنا چاہئے۔ لیکن جج ملیکارجن گوڈا نے امبیڈکر کی ہتک کرتےہوئے دستور مخالف رویہ اپنایا ہے، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنےکا احتجاجیوں نےمطالبہ کیا۔ ہرمرحلے کی عدالتوں میں امبیڈکر کی تصویر نصب کی جائے ۔ عدالتوں میں ریزرویشن کو ترجیح دی جائے اور دستور مخالف رویہ اپنانے والے ہمناآباد کے تحصیلدار کو فوری طورپر گرفتارکرنےکی مانگ رکھی۔

ڈی ایس ایس لیڈر ماولی شنکر نے کہاکہ ایک متعصب ذہنیت کا شخص عدل کے مقام پر فائزرہنا ہمارے لئے بے عزتی کا مقام ہے۔ ڈاکٹر امبیڈکر کسی ایک ذات یا طبقے کے لیڈرنہیں ہیں بلکہ پورے ملک کی جائیداد ہیں ، اگر امبیڈکر کی شان میں معمولی سی بے عزتی بھی کی جاتی ہے تو پسماندہ طبقات خاموش نہیں رہنےکی بات کہی۔

احتجاجی ریلی کو ایس  ڈی پی آئی  کی بھی حمایت حاصل رہی ، اس کے ساتھ ساتھ پرجا پریورتنا ویدیکے ، بھارتیہ ریپبلک پارٹی، کرناٹک دلت سنگھرش سمیتی ، کرناٹکا سمتا سینک دل، کرناٹکا ریپبلک سینا، بہوجن دلت سنگھر ش سمیتی ، دلت ودھیارتھی پریشد، راجیا ایس سی ، ایس ٹی ٹھیکدار سنگھ ، بھیم آرمی اورروشن خیال مفکر، فن کار،میسور کے اوری لنگ مٹھ کے اگنیان پرکاش سوامی جی ، فلم ایکٹر چیتن، مفکر یوگیش ماسٹر سمیت کئی ایک تنظیموں کے ممبران شریک تھے۔

وزیراعلیٰ کی آمد: وزیر اعلیٰ بسوراج بومائی نے  جائے احتجاج پہنچ کر احتجاجیوں کی شکایتوں کو سماعت کرنے کے بعد کہاکہ لیڈران نے احتجاج کے متعلق جانکاری دی ہے۔ یہ ایک افسوس ناک واقعہ ہے ، کوئی بھی ایسا رویہ نہ اپنائے جس سے کسی کی ہتک ہوتی ہو، آپ سب کے جذبات جنہیں پہنچانا ہے انہیں پہنچانے کی یقین دہانی کرائی ۔ امبیڈکر کااحترام اور وقار کو اونچا کرنےمیں ہم سب آگے ہیں ۔ امبیڈکر کی طرح آپ کو بھی انصاف دلانے کاکام کرونگا۔ انہوں نے  اپیل کی کہ  تب تک سبھی لوگ امن واطمینان  سے رہیں۔

 


Share: