اُڈپی5؍ فروری (ایس اؤ نیوز)اُڈپی کے سرکاری پی یوکالج میں اسکارف مسئلہ کو لےکر قومی حقوق انسانی کمیشن نے ضلع انتظامیہ کو نوٹس جاری کرتےہوئے رپورٹ مانگی ہے۔ اس سلسلےمیں اُڈپی ضلع ڈپٹی کمشنرنے کنداپور اسسٹنٹ کمشنر کی قیادت میں ایک اور اُڈپی پی یوتعلیمات عامہ کے نائب ڈائرکٹر کی قیادت میں الگ الگ دو کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔
اسکارف کامسئلہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر میڈیا میں چھاجانے کی وجہ سے اس تعلق سے قومی حقوق انسانی کمیشن نے دو تین دن پہلے نوٹس جاری کرتےہوئے اگلے چار ہفتوں میں رپورٹ دینے کہا ہے۔ اس سلسلےمیں رپورٹ پیش کرنے کے لئے ڈپٹی کمشنر کورما راؤ نے اسسٹنٹ کمشنر راجو اور ڈی ڈی پی یو ماروتی کی قیادت میں دو الگ الگ کمیٹیوں کو تشکیل دیا ہے۔ کورما راو نے بتایا کہ کمیٹی کی طرف سے تیارکردہ رپورٹ قومی حقوق انسانی کمیشن کو ارسال کی جائے گی۔
ڈی سی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئےڈی ڈی پی یو کی قیادت والی سہ رکنی کمیٹی نے کالج کا دورہ کیاہے، اس موقع پر کالج میں موجود لکچررس اور طلبا کی آراء کو حاصل کیا گیا ہے کوئی خاص میٹنگ کا انعقاد نہ کرتےہوئےوہاں موجود رہنےو الوں سے ہی انہوں نے رائے لی ہے اوراس تعلق سے اپنی ایک رپورٹ تیار کرلی ہے، بتایا گیا ہے کہ وہ رپورٹ ڈی ڈی پی یو ماروتی کو سونپی جاچکی ہے۔ ڈی ڈی پی یو اب اس رپورٹ کو ڈی سی کے حوالے کریں گے۔ پتہ چلا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر کی قیادت والی کمیٹی نے بھی الگ سے کالج کا دورہ کیا ہے اور تفصیلات حاصل کی ہے۔