ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اوقاف دفتر کاروار سے سرسی منتقل کرنے پر سخت احتجاج کا انتباہ؛ دفترکو واپس کاروار منتقل کرنے کا مطالبہ؛ ڈی سی کو میمورنڈم

اوقاف دفتر کاروار سے سرسی منتقل کرنے پر سخت احتجاج کا انتباہ؛ دفترکو واپس کاروار منتقل کرنے کا مطالبہ؛ ڈی سی کو میمورنڈم

Thu, 03 Aug 2017 17:55:57    S.O. News Service

کاروار:3/اگست (ایس اؤنیوز)ضلع مرکز کاروار سے اوقاف دفتر کو سرسی منتقل کرنے پر کاروار اور دیگر تعلقہ جات کے اوقاف ممبران نے سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے  اوقاف دفتر کو واپس کاروار منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور فوری طور پر کاروار منتقل نہ کرنے کی صورت میں  سخت احتجاج کا انتباہ دیا ہے۔ آج یہاں ڈپٹی کمشنر کو میمورنڈم پیش کرنے کے موقع پر اوقاف ممبران سمیت  حضرت باوا بھڈنگ درگاہ کمیٹی کے ممبران بھی موجود تھے۔ 

میمورنڈم میں اوقاف ممبران نے لکھا ہے کہ ضلع وقف دفتر جب تک کاروار میں تھا تو ضلع کے تمام اوقاف کاموں کے لئے بہت بڑی سہولت ہوتی تھی ، لیکن بے وجہ جلدبازی میں دفتر کو سرسی منتقل کیا گیا ہے،معاملہ بنگلورو کے ہائی کورٹ میں زیر سماعت رہتے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یہ کام کیا گیا ہےاور اس کے پیچھے خود غرضی اور مفاد پرستی کی بو آتی ہے، ضلع کے مسلمانوں کی مانگ ہے کہ ضلعی دفتر کو منتقل کرنے سے سماجی کاموں کے لئے تکلیف ہورہی ہے، اسی لئے دفتر کو دوبارہ کاروار میں ہی جاری رکھا جائے۔

اس کے علاوہ سرسی منتقل کئے گئے دفتر میں وقف آفیسر کے طورپر ایم ایم سونور کو نامزد کئے جانے کی خبروں پر بھی اعتراض جتایا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ  کاروار میں ہی دفتر ہوگا تو ضلع کے تمام اعلیٰ آفیسران کی موجودگی کو دیکھتے ہوئے وقف آفیسران وقت پر دفتر میں حاضری دیں گے ورنہ اکثردیکھا گیا ہے کہ وہ اپنے گھر میں موجود رہ کر ہی کاموں کو انجام دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ 2سال پہلے مولانا ابوالکلام آزاد بورڈ دہلی سے ضلع ڈی سی کے نام ضلعی مرکز پر دفتر تعمیر کے لئے 2کروڑ روپئے منظور کئے جاچکے ہیں اس رقم کو ضلعی سطح پر استعمال کرنےکی میمورنڈم میں مانگ کی گئی ہے۔

اس سلسلے میں ساحل آن لائن سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے  کاروار  بلدیہ ممبر مقبو ل شیخ نے بتایا کہ ضلع اوقاف دفتر کو کاروار میں ہی جاری رکھنے کا مطالبہ لے کر ڈی سی اور ضلع نگراں کاروزیر اور رکن اسمبلی کو اپیل سونپی گئی ہے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ ستمبر 2 تک اوقاف کا دفتر اگر  کاروار منتقل نہیں کیا گیا تو وہ  وقف بورڈ مشاورتی کمیٹی کو استعفیٰ دے کر سخت احتجاج منعقد  کریں گے۔ انہوں نے اس تعلق سے  تمام لوگوں سے بھی تعائون کی درخواست کی اور احتجاج میں شامل ہونے کی اپیل کی۔


Share: