کاروار:4/ مارچ (ایس اؤنیوز)قومی شاہراہ کو فور لین میں منتقل کرنے کے لئے جاری کاموں کی وجہ سے سنیچر کے دن قریب ایک گھنٹے تک قومی شاہراہ بندہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ سنکروباگ کے قریب قومی شاہراہ کے کنارے موجود ایک پہاڑ کو دھماکے کے ذریعے اڑایا گیا تو اس کے پتھر اور مٹی شاہراہ پر گرجانے سے ٹرافک نظام متاثر ہونےکی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
قومی شاہراہ کی توسیع کاکام آئی آر بی کمپنی کی ٹھیکداری میں کیا جارہاہے۔ فورلین کی تعمیر کے لئے کمپنی نے سنکروباگ کی قومی شاہراہ سے متصل پہاڑ کو نکال باہر کرنےکے لئے دھماکہ کیا۔ دھماکے کے بعد پہاڑ کے بڑے بڑے پتھر شاہراہ پر لڑھک گئے اور کافی مٹی شاہراہ پر پھیل جانے کے نتیجےمیں شاہراہ ایک گھنٹے تک بند رہی۔ سواریوں کی8کلومیٹر لمبی قطاردیکھی گئی اور کئی مسافروں کو پریشانی جھیلنی پڑی۔ شاہراہ کو صاف کرنے کے لئے پولس محکمہ کے عملے کو بڑی کوشش کرنی پڑی ، ایک گھنٹے کے بعد شاہراہ سے سواریوں کا گزرنا شروع ہوا۔
کمپنی کی طرف سے پہاڑوں اور بڑے بڑے پتھریلے ٹیلوں کو توڑنے کےمتعلق ایک گوا کے مسافر شریکانت نائک نے کہاکہ دھماکوں کے ذریعے ٹیلوں کو توڑنے کی اجازت نہ ہونے کے باوجود کمپنی دھماکے کا استعمال کررہی ہے۔ جس کے نتیجے میں قریب کی عمارتوں کو نقصان پہنچتا ہے اور دوسرے پہاڑوں کی بنیاد اور مٹی ڈھیلی ہوجاتی ہے تو بارش کے موسم میں ایسے پہاڑ کھسک کر گرنے کا اندیشہ رہتاہے۔ دوسری بات یہ ہے کہ ٹرافک کو روک کرکام نہیں کرناہے، پہاڑ کو لڑھکانا ضروری ہے تو متبادل طریقے ڈھونڈنے چاہئے ۔ شاہراہ پر ٹرافک کو روکنے سے کئی پریشانیاں ہوتی ہیں، خاص کر جن مریضوں کو جلد اسپتال پہنچانا ہوتاہے ان کے لئے جان کا خطرہ ہونے کی بات کہی۔